محکمہ مال کے ملازمین کی دعوت افطار، ضلع کلکٹرسرفراز احمد و دیگر کا خطاب
کریم نگر۔/22مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سارے انسان ایک ہیں ، مذاہب علحدہ ہیں لیکن سبھی کا خالق ایک ہے ، ساری کائنات کا مالک ایک ہی ہے ۔ ضلع کلکٹر سرفراز احمد نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں منگل کی شام ریونیو ملازمین کے زیر اہتمام مسلم بھائیوں روزہ داروں کے لئے منظم کردہ دعوت افطار میں کلکٹر کریم نگر سرفراز احمد نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر ایک مذہب میں خصوصی تقاریب و تہوار کا انعقاد عمل میں آتا ہے ایسے میں ایک دوسرے کے تہوار اور عیدین میں شرکت سے آپس میں میل جھول ،خلوص و محبت میں اضافہ ہوتا ہے۔ ایسی دعوت و تقاریب میں ایک دوسرے کے خیالات جاننے سے دوریاں ختم ہوتی اور غلط فہمیاں دور ہوتی ہیں، اس لئے ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرنا سبھی کیلئے لازمی ہے۔ جماعت اسلامی ہند کریم نگر کے صدر جناب محمد خیر الدین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کی خصوصیت و اہمیت اس لئے بھی ہے کہ اس ماہ میں ساری کائنات عالم کی ہدایت کیلئے کتاب مقدس قرآن مجید کا نزول ہوا ہے، اس کے شکرانہ میں ماہ رمضان میں عبادتوں کا خصوصی اہتمام کے ساتھ روزے بھی رکھے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں انسانی زندگی گذارنے کی تربیت ہوتی ہے ۔ہمیں سال کے بارہ مہینے بھی اسی طرح زندگی گزارنے کا لائحہ عمل ترتیب دے لینا چاہیئے۔اس موقع پر جماعت اسلامی کی جانب سے غیر مسلموں میں ہر خاص و عام میںقرآن مجید کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ اس دعوت افطار میں کمشنر پولیس کملاسن ریڈی، جوائنٹ کلکٹر جی وی شیام پرساد، پارلیمنٹ چناؤ نگرانکار ٹی کے جوشی، شاہد اختر ، سنجیو گڈکر، بشیر احمد خان، اسسٹنٹ کلکٹر پراونیا ، ضلع ریونیو آفیسر بھکشا نائیک، زیڈ پی سی ای او وینکٹ مادھو راؤ، کریم نگر، حضور آباد، ریونیو ڈیویژن عہدیدار این آنند کمار، بی چنیاکلکٹریٹ انتظامیہ آفیسر سی راج کمار، ڈپٹی ڈی ایم ایچ او روی سنگھ، تحصیلدار، نائب تحصیلدار ، ریونیو ملازمین کے ساتھ ساتھ دیگر محکمہ جات کے ضلعی عہدیدار اور ملازمین شریک تھے۔