ایڈیلیڈ اوول: تا حد نظر … نیلاسمندر

ایڈیلیڈ۔15 فروری (سیاست ڈاٹ کام) عالمی کپ کے دوران ہند پاک میچ دیکھنے کے لئے اتوار کو اتنی تعداد میں ہندوستانی کرکٹ شائقین امڈ آئے کہ ایڈیلیڈ اوول ’’نیلا سمندر‘‘ سا نظر آنے لگا تھا۔قریب 53500 کی گنجا ئش رکھنے والے اسٹیڈیم میں ہندوستانی شائقین کرکٹ کی تعداد 30000 کے قریب تھی۔ ان کے سامنے پاکستانی پرستار نظر ہی نہیں آ رہے تھے۔ سر ڈونلڈ بریڈمین پویلین تو مکمل ہندوستانی حامیوں سے بھرا ہوا تھا۔ ہندوستانی کرکٹ شائقین مشہور ہنڈلے اسٹریٹ پر جمع ہوئے۔ رنگ برنگے کپڑے اورنقاشی کے ساتھ ناچتے گاتے ہندوستانی شائقین نے پورا جشن سا ماحول بنا دیا۔ ایڈیلیڈ اوول کے سامنے ’’وار میموریل ڈرائیو‘‘ میں داخل ہوتے ہی لگ رہا تھا گویا ایڈن گارڈن یا وان کھڑے اسٹیڈیم پر کھڑے ہیں۔ ہندوستانی کرکٹ شائقین بالی ووڈ گیت ’’دل دیا ہے جان بھی دیں گے ائے وطن تیرے لئے‘‘گنگنا رہے تھے۔وہیں ’’چک دے انڈیا‘‘ گیت بھی لاؤڈ اسپیکرز پر بج رہا تھا.۔سب سے اچھی بات یہ ہے کہ ہندوستانی اور پاکستانی شائقین ایک دوسرے سے کھل کر مل رہے تھے اور ایک دوسرے کے ساتھ سیلفی لے رہے تھے۔ ایک طرف وندے ماترم کے نعرے لگ رہے تھے تو دوسری طرف پاکستان زندہ باد ۔ مقامی میگزین ’’سنڈے میل‘‘ نے پہلے صفحہ پر ہندی میں ’خوش آمدید‘اور آخری صفحہ پر اُردو میں ’’خوش آمدید لکھا تھا۔