ایچ ایس برہما نئے چیف الیکشن کمشنر، آج سمپت کی جگہ لینگے

نئی دہلی ، 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمشنر ہری شنکر برہما کو آج چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت سے ترقی دی گئی۔ وہ کل جائزہ حاصل کریں گے جبکہ موجودہ سربراہ وی ایس سمپت نے آج 65 سال کی عمر ہونے پر عہدہ چھوڑ دیا۔ وزارت قانون نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ صدرجمہوریہ نے ہری شنکر برہما کو جو الیکشن کمیشن آف انڈیا میں سینئر ترین الیکشن کمشنر ہیں، نیا چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا ہے۔ وہ چیف الیکشن کمشنر کے عہدہ کا جائزہ کل حاصل کریں گے جس کے ساتھ یہ تقرر نافذ العمل ہوگا۔1975ء بیاچ کے آندھرا پردیش کیڈر کے آئی اے ایس آفیسر برہما (64 سال) جو آسام سے تعلق رکھتے ہیں، اُن کی میعاد تین ماہ سے کچھ زائد 19 اپریل تک ہوگی جب وہ 65 سال کے ہوجائیں گے، جو دستور کے تحت اس عہدہ کیلئے بالائی حد عمر ہے۔ برہما سابق میں مرکزی پاور سکریٹری تھے ، یہاں تک کہ انھیں الیکشن کمیشن میں شامل کیا گیا۔ انھوں نے تین الیکشن کمشنروں میں سے ایک کی حیثیت سے 25 اگست 2010ء کو جائزہ لیا تھا۔ جے ایم لنگڈوہ کے بعد برہما شمال مشرق سے ایسے دوسرے عہدہ دار بنے ہیں جنھیں اس اعلیٰ عہدہ کیلئے مقرر کیا گیا ہے۔