لکھنؤ 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت اترپردیش نے آج کہاکہ وہ ایودھیا میں 14 کوسی پریکرما مارگ اور متھرا میں لارڈ کرشنا کی جائے پیدائش کو یاتری مراکز قرار دینے پر غور کررہی ہے تاکہ وہاں شراب اور نان ویجٹرین ایٹمس کی فروخت اور استعمال کو روکا جائے۔ اترپردیش کے وزیر سری کانت شرما نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ سنتوں اور کروڑوں بھکتوں نے ایودھیا اور متھرا میں شراب اور نان ویجٹیرین غذا کی فروخت اور اس کے استعمال پر امتناع عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ ان کے اس مطالبہ کا احترام کرتے ہوئے ریاستی حکومت ایودھیا میں 14 کوسی پریکرما مارگ اور متھرا میں لارڈ کرشنا کی جائے پیدائش کو یاتریوں کے مراکز کے طور پر اعلان کرنے پر غور کررہی ہے اور اس سلسلہ میں کام کررہی ہے۔ یہ اعلان ہوجانے پر ان مقامات پر شراب اور نان ویٹیرین فوڈ کی فروخت اور استعمال پر خود بخود امتناع عائد ہوجائے گا۔