ایس آئی ٹی آج حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کرے گی
حیدرآباد /2 جنوری ( سیاست نیوز ) نامپلی کریمنل کورٹ کے چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ نے آج خطرناک روڈی شیٹر ایوب خان کو 8 دن کی پولیس تحویل منظور کی ۔ روڈی شیٹر کی غیر قانونی سرگرمیوں اور فرضی پاسپورٹ کی حصول کیلئے قائم کی گئی اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم اسے کل چنچل گوڑہ جیل سے حراست میں لیکر تفتیش کا آغاز کرے گی ۔ ایوب خان کی گرفتاری کے بعد ساؤتھ زون پولیس نے اسے 10 دن کی پولیس تحویل میں دینے عدالت میں درخواست داخل کی تھی جس پر مجسٹریٹ نے آج احکامات جاری کرتے ہوئے روڈی شیٹر کو آٹھ دن پولیس تحویل منظور کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ساؤتھ زون پولیس ، کاماٹی پولیس پولیس اسٹیشن میں فرضی پاسپورٹ کے حصول سے متعلق کیس میں تفتیش کریگی اور ایک دن کیلئے چندرائن گٹہ پولیس دھمکانے کے ایک مقدمہ میں اسے تحویل میں لیکر تحقیقات کرے گی ۔ واضح رہے کہ کمشنر پولیس مہیندر ریڈی نے روڈی شیٹر مسٹر ایوب خان کی جانب سے تیسرا فرضی پاسپورٹ گولکنڈہ کے پتہ پر حاصل کرنے کے بعد اس معاملہ کی مکمل تحقیقات کیلئے ایس آئی ٹی تشکیل دی اور اے سی پی چارمینار مسٹر کے اشوک چکرورتی کو ایس آئی ٹی سربراہ مقرر کیا گیا ۔ کل صبح ایس آئی ٹی روڈی شیٹر کو اپنی تحویل میں لیکر تحقیقات کا آغاز کرے گی اور بعد ازاں 12 جنوری کو اسے دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔