ایوان لیوس کی جارحانہ بیٹنگ ، پاکستان کو شکست

پورٹ آف سپین، 02 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )ویسٹ انڈیز کے اوپنر ایون لیوس (51 گیندوں میں 91 رن) کی طوفانی اننگز کی بدولت ان کی ٹیم نے یہاں تیسرے ٹوئنٹی -20 میچ میں پاکستان کو 31 گیندیں باقی رہتے سات وکٹ سے شکست دے دی۔ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے اتری پاکستانی ٹیم نے کامران اکمل (48) اور بابر اعظم (43) کی ذمہ دارانہ اننگز کے دم پر 20 اوور میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 137 رنز کا اسکور بنایا جسے ویسٹ انڈیز نے صرف 14.5 اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنا کر حاصل کر لیا۔پاکستانی بلے بازوں کی کارکردگی مایوس کن رہی اور سات بلے باز دہائی کے ہندسے کوبھی نہیں پہنچ پائے ۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے سیموئیل بدری نے دو اور کیرسک ولیمز، کارلوس بریتھویٹ، سنیل نارائن اور مارلون سیموئلس نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ہدف کا تعاقب کرنے اتری میزبان ویسٹ انڈیز کی جانب سے لیوس نے اکیلے ہی 51 گیندوں کی اپنی شاندار اننگز میں پانچ چوکے اور نو چھکے لگائے ۔ جب وہ تیسرے بلے باز کے طور پر 15 ویں اوور میں 134 رنز پر آؤٹ ہوئے تو ویسٹ انڈیزکی ٹیم جیت کی دہلیز تک پہنچ چکی تھی۔ویسٹ انڈیز کے لیے سیموئلس نے 18 اور جیسن محمد نے 17 رنز بنائے ۔ ویسٹ انڈیز نے 14.5 اوور میں 138 رنز بنا کر میچ اپنے نام کر لیا۔ پاکستان کے لیے سہیل تنویر، شاداب خان اور وہاب ریاض کو ایک ایک وکٹ ملا۔ ویسٹ انڈیز کو اگر سیریز میں برابری حاصل کرنی ہے تو اسے ہر حال میں آخری میچ جیتنا ضروری ہے ۔