ایجبسٹن۔ 10؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ انگلینڈ میں ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ جاری ہے۔ برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں شائقین کو ایک ٹکٹ میں دو تفریحی سامان ملے۔ برمنگھم بیئرز اور ڈرہم جیٹس کے درمیان میچ کے وقفہ دوران سابق عالمی نمبر ایک خاتون ٹینس اسٹار اینا ایوانووچ اور کروشیا سے تعلق رکھنے والی اُبھرتی ٹینس اسٹار ڈونا ویکچ گیند اور بیٹ تھام کر میدان کے درمیان میں وکٹ پر پہنچ گئیں اور میچ شروع ہوگیا۔ اینا نے گیند تھامی اور ٹینس میں سروس کے انداز میں دوسرے اینڈ پر موجود ویکچ کو بولنگ کی بعد میں انہوں نے بیٹنگ کی اور کھل کر اپنے جوہر دکھائے۔ بعد ازاں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اینا نے کہا کہ مجھے کرکٹ سے متعلق بہت کم علم تھا، لیکن آج کرکٹ کھیل کر بہت مزا آیا۔ واضح رہے کہ یہ دونوں کھلاڑی ایگون کلاسک ٹینس ٹورنمنٹ میں شرکت کے لئے یہاں موجود ہیں۔