سری نگر ۔28جون (سیاست ڈاٹ کام)مرکز میں برسراقتدار قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کے صدارتی امیدوار رام ناتھ کووند اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں بدھ کو کشمیر وارد ہوئے جہاں انہوں نے سب سے پہلے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔بی جے پی کے ایک ترجمان نے یو این آئی کو بتایا کہ مسٹر کووند جو کہ بہار کے سابق گورنر ہیں، مرکزی وزراء وینکیا نائیڈو اور ڈاکٹر جتیندرسنگھ کے ہمراہ بدھ کو دوپہر کے وقت دارالحکومت سری نگر پہنچے ۔انہوں نے بتایا کہ مسٹر کووند 17 جولائی کو ہونے والے صدارتی انتظامات کے سلسلے میں اپنے حق میں تائید حاصل کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے علاوہ ممبران اسمبلی وپارلیمنٹ سے ملاقات کریں گے ۔این ڈی اے کے صدارتی امیدوار نے اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں پہلے ہی اترپردیش اور اتراکھنڈ کے ممبران اسمبلی و پارلیمنٹ سے ملاقات کی ہے ۔ مسٹر کووند کا مقابلہ سابق اسپیکر اور کانگریس لیڈر میرا کمار سے ہے ۔