این ڈی اے کو 279، کانگریس کو 79 نشستیں : اگزٹ پول

نئی دہلی ۔ 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات میں این ڈی اے کو 279 نشستیں حاصل ہوں گی اور 543 رکنی ایوان میں اسے اکثریت حاصل ہوگی۔ اس کے علاوہ بی جے پی اب تک کی سب سے زیادہ 235 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ این ڈی ٹی وی۔ ہنسا نے آج رات اگزٹ پول میں یہ دعویٰ کیا۔ حکمراں یو پی اے کو 103 نشستوں پر کامیابی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جن میں کانگریس کو اب تک کی سب سے کم صرف 79 نشستیں حاصل ہوں گی۔ دیگر بشمول غیر این ڈی اے اور غیر یو پی اے علاقائی جماعتوں

اور بائیں بازو کو 116 نشستوں پر کامیابی کا دعویٰ کیا گیا۔ سی این این ۔ آئی بی این نے بھی آج رات قطعی اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے این ڈی اے کو ملنے والی نشستوں کی تعداد پر 270-282 سے 274-286 کی نظرثانی کی ہے۔ بی جے پی کی 230 تا 242 نشستوں پر کامیابی کی توقع ظاہرکی گئی۔ انتخابات کا مرحلہ مکمل ہوتے ہی 12 مئی کو جاری کردہ کئی اگزٹ پولس میں این ڈی اے کی کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور کہا گیا ہیکہ اسے 249 تا 290 نشستیں حاصل ہوسکتی ہیں۔ کانگریس زیرقیادت یو پی اے کو 101 تا 148 اور دیگر کو 146 تا 156 نشستوں کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔