این ڈی اے حکومت کا یو پی اے حکومت سے تقابل

نئی دہلی ۔ /12 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ این ڈی اے حکومت نے گزشتہ 10 ماہ کی میعاد کے دوران کتنے کارنامے انجام دیئے ہیں جتنے کہ کانگریس زیرقیادت یو پی اے حکومت کی 10 سالہ میعاد میں بھی انجام نہیں دیئے گئے ۔ انہوں نے پارٹی ارکان پارلیمنٹ سے خواہش کی کہ وہ فخر کے ساتھ عوام کے سامنے اپنی حکومت کے ایک سالہ کارناموں کی تفصیلات پیش کرسکتے ہیں ۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بی جے پی ارکان پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو ملک کی ترقی کے اقدامات کرنے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی ۔ کیونکہ حکومت انسانیت کی خدمت کرنے کی اور ملک کو ترقی کی عظیم تر بلندیوں تک پہونچانے کی پابند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جنگ صرف اپوزیشن کے خلاف نہیں بلکہ اقتدار کے ان دلالوں کے خلاف بھی ہے جو اقتدار کے فوائد سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور حکومت کی منفی تشہیر میں ملوث ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور پارٹی ارکان پارلیمنٹ کو ایسی کارروائیوں میں ملوث نہیں ہونا چاہئیے ۔

دریں اثناء پارٹی نے مودی کی امداد باہمی وفاقیت کی ستائش کی اور کہا کہ انہوں نے ایک ایسی حکمت عملی متحرک کردی ہے جو ہر ایک کو ساتھ لیکر ترقی کرنے کی پابند ہے اور امید ظاہر کی کہ حکومت اپنے عوام سے کئے ہوئے وعدوں کی تکمیل میں کامیاب رہے گی ۔ حکومت کے کارناموں کو اجاگر کرنے کی تیاری کرتے ہوئے حکومت کی ایک سال کی تکمیل پر /26 مئی سے /31 مئی تک سالگرہ تقاریب منائی جائیں گی ۔ بی جے پی پارلیمانی پارٹی نے متفقہ طور پر مودی کی زیرصدارت اجلاس میں ایک قرارداد منظور کی جس میں غریبوں کیلئے سماجی طمانیت اور سماج کے مخدوش طبقات کیلئے شفاف اور جوابدہ حکمرانی فراہم کرنے کے اقدامات کی تائید کی ۔ بی جے پی پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم نریندر مودی کی ستائش کی کہ انہوں نے حکمرانی کے انحطاط پر قابو پالیا ہے اور مقصدیت کا احساس پیدا کیا ہے جس کی وجہ سے امداد باہمی پر مبنی وفاقیت شفاف اور جوابدہ حکمرانی فراہم کررہی ہے ۔ بین الاقوامی برادری کی نظر میں ملک کی شبیہہ بہتر بنی ہے اور اس کا مقام اونچا ہوگیا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے پارٹی ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ این ڈی اے حکومت کی ایک سالہ میعاد کی تکمیل پر منعقدہ تقاریب میں ان اقدامات کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے جو حکومت نے انتخابی حلقوں میں کئے ہیں ۔

مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے اجلاس کے بعد کہا کہ اجلاس میں مرکزی وزراء ، ارکان پارلیمنٹ ، پارٹی کارکنوں اور ملک کے مختلف علاقوں سے عوام نے شرکت کی ۔ وزراء ، ارکان پارلیمنٹ اور بی جے پی کارکنوں کا فرض ہے کہ وہ ملک کے عوام کو حکومت کے اقدامات سے واقف کروائیں جو حکومت نے محروم طبقات اور کاشتکاروں کی بھلائی کیلئے کئے ہیں ۔ مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور این وینکیا نائیڈو نے کہا کہ بی جے پی ترقی کی سیاست پر عمل کررہی ہے ۔ سیاسی طبقہ کے بعض گوشے غربت کی سیاست کو فروغ دینے سے گہری دلچسپی رکھتے ہیں جس کی وجوہات وہی جانتے ہیں ۔ وہ چاہتے ہیں کہ ہمارے ملک کے عوام غریب رہیں لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔