این سی پی کے اعلی سطحی قائدین کے خلاف انسداد کرپشن بیورو کی تحقیقات، فرنویس کا حکم

ناگپور 12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)مہاراشٹرا کے سابق ڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار اور این سی پی کے دیگر اعلی سطحی قائدین سنیل ٹٹکرے اور چھگن بھوجبل کے خلاف چیف منسٹر دیویندر فرنویس نے آج مبینہ کرپشن کے مقدمہ میں تحقیقات جاری رکھنے کا حکم دیا ۔ ریاستی انسداد کرپشن بیورو سے خواہش کی گئی ہے کہ پوار اور ریاستی صدر این سی پی سنیل ٹٹکرے کے خلاف مبینہ کرپشن اور مختلف آبپاشی پراجکٹس میںاپنے دور اقتدار میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات کی جائیں۔ یہ دونوں آبی وسائل کے ریاستی وزیر رہ چکے ہیں۔ چیف منسٹر نے انسداد کرپشن بیورو کی اس تجویز کو بھی منظور کرلیا کہ کرپشن اور جانبداری کی کھلی تحقیقات کی جائیں۔ محکمہ عوامی امور چھگن بھوجبل نے مبینہ طور پر نئی دہلی میں مہارشٹرا سدن اور دیگر دو سرکاری عمارتوں کی ممبئی میں تعمیر کے سلسلہ میں سرکاری ۔ خانگی شراکت داری کی اجازت دیتے ہوئے بے قاعدگیوں کا ارتکاب کیا تھا۔ حکومت نے محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں اور مبینہ بے قاعدگیوں کے ذمہ دار کنٹراکٹرس کے خلاف بھی تحقیقات کا حکم دیا ۔ ایڈوکیٹ جنرل سنیل منوہر نے بمبئی ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ انہیں حکومت کی جانب سے اجیت پوار اور چھگن بھوجبل کے خلاف کھلی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔