این آر آئی خاتون کی خودکشی پر ساس اور خسر گرفتار

حیدرآباد۔/14 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) نریڈ میٹ پولیس نے این آر آئی خاتون کی خودکشی معاملہ میں اس کے ساس اور خسر کو گرفتار کرلیا ہے اور شوہر کو امریکی شہر ہوسٹن سے شہر منتقل کرنے کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ یاد رہے کہ مادھوری نے کل اپنے مکان میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی تھی جو 11 اکٹوبر کے دن امریکہ سے شہر واپس آئی تھی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ شوہر کی ہراسانی سے تنگ آکر اس خاتون نے انتہائی اقدام کیا۔ پولیس کے مطابق مادھوری کی شادی سال 2016 میں جیڈی میٹلہ علاقہ کے ساکن کوٹیشور راؤ سے ہوئی تھی اور دونوں شادی کے بعد امریکہ چلے گئے تھے اور امریکی شہر ہوسٹن میں رہتے تھے۔ ہر ہفتہ اور اتوار کے دن کوٹیشور راؤ اس کے ساتھیوں کے ہمراہ اس کے گھر میں پارٹی منعقد کرتا تھا۔ قمار بازی بھی جم کر ہوا کرتی تھی۔ مادھوری کو یہ بات پسند نہیں تھی اور یہ خاتون مغربی تہذیب سے دور تھی اور شوہر کی حرکت سے بیزار تھی ۔ کئی مرتبہ اس خاتون نے کے اعتراض پر دونوں میں جھگڑے ہوئے۔ کوٹیشور راؤ مادھوری کو شراب نوشی کیلئے تنگ کرتا تھا اور ساتھیوں کے سامنے ناچنے اور ساتھیوں کے ساتھ رقص کرنے کیلئے مجبور کرتا تھا۔ ایک سے زائد مرتبہ دونوں کے خاندانوں میں بات چیت ہوئی اور خاتون کو سمجھا کر دوبارہ امریکہ روانہ کیا گیا اور افراد خاندان نے کوٹیشور راؤ کو پابند کیا تھا لیکن اس کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی تھی اور شوہر کی ہراسانی میں مزید اضافہ ہوگیا تھا۔ خاتون11 اکٹوبر کے دن حیدرآباد واپس آئی اور اس نے آپ بیتی والدین کو سنائی۔ 13 اکٹوبر کے دن مکان میں والدین کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مادھوری نے خودکشی کرلی۔ پولیس نریڈ میٹ مصروف تحقیقات ہے۔