کریم نگر ضلع کلکٹر کا دورہ پداپلی، 32 اسکولس کے قیام کا فیصلہ
کریم نگر۔/27مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پڑوسی ریاستوں سے روزگار کے حصول کے لئے آکر یہاں اینٹ کی بھٹیوں میں کام کررہے مزدوروں کے بچوں کو تعلیم دلوانے کی غرض سے تاکہ آئندہ ان بچوں کو بھی دربدر بھٹکتے ہوئے اسی طرح مزوری نہ کرنا پڑے ضلع انتظامی کی جانب سے ان سبھی مزدور بچوں کی تعلیم کیلئے جہاں یہ کام کررہے ہیں وہیں اسکولس قائم کئے تھے۔ لیکن اب وہ اسکول برائے نام ہوچکے ہیں کیونکہ اس طرح کے اسکولس میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے داخل کئے گئے سینکڑوں بچوں کو بنیادی سہولتیں میسر نہیں ہیں۔ اس میں بہتری پیدا کرنے کیلئے ضلع بھر میں جملہ 36 اسکولس کے قیام کیلئے قومی بچہ مزدور پراجکٹ عہدیداروں نے منصوبہ تیار کیا ہے جہاں بندھوا مزدوروں کے بہت کم عمر بچے کام کررہے تھے۔ ضلع ویجلنس مانیٹرنگ کے اجلاس میں ضلع کلکٹر نیتو پرساد نے انہیں مشورہ دیتے ہوئے مفت کتب دے کر تعلیمی اشیاء دینے اور ساتھ میں کھانا بھی دیئے جانے کا مشورہ دیا۔ چنانچہ اب اس پر عمل آوری کی منصوبہ بندی ہورہی ہے۔ تعلیم سے دور 1396 بچے ضلع بھر میں 140 اینٹ کی بھٹیوں پر کام کررہے ملازمین کی نشاندہی کرلی گئی۔ قومی بچہ مزدور پراجکٹ عہدیدار کی جانچ میں اڑیسہ سے آرہے بہت سارے مزدوروں کے ساتھ ان کے بچے بھی وہیں اینٹ کی بھٹیوں کے پاس رہ رہے ہیں جنہیں تعلیم حاصل کرنے کا موقع نہیں ہے۔ اب ضلع کے سرواسکھشا ابھیان کے زیر اہتمام 32اسکولس قائم کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے لیکن قبل ازیں اس طرح کے منصوبہ پر عمل آوری نہیں ہوسکی۔ پچھلے کچھ ماہ سے ان بھٹیوں پر کام کرنے والے مزدوروں پر ہورہے ظلم و زیادتی کے واقعات اخبارات میں شائع ہوئے تھے اب اینٹ کی بھٹیوں کے مالکین کو عارضی عمارت وغیرہ کی فراہمی کیلئے پابند کیا جارہا ہے۔ مارچ کے بعد یہاں انگلش میڈیم ابتدائی تعلیم کے انتظام کی کوشش کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ضلع کلکٹر نیتو پرساد نے پداپلی کا دورہ کیا اور اسکول کے قیام کے لئے دو کمرے تعمیر کرنے کیلئے مالکین سے بات چیت کی ۔ اسی طرح پداپلی منڈل میں 9 ، سلطان آباد میں 4، راما گنڈم میں 2، کلواچرلہ کماٹی پور 1 ، جگتیال 4، مٹ پلی 2، کوہیڈہ 1، سرسلہ میں 2، ویملواڑہ 1، کریم نگر منڈل میں 9اسکولس قائم کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔