نئی دہلی 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج کہاکہ ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے عوام کو درپیش مسائل وقتی ہیں اور یہ عالمی اثر کے سبب ہیں۔ مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے کانگریس اور اِس کے اتحادیوں پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ وہ عوام کی تائید و حمایت سے محروم ہونے کے سبب بھارت بند کے دوران تشدد پر اُتر آئے ہیں۔ اُنھوں نے یہاں میڈیا کو بتایا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ محدود سربراہی کی وجہ سے ہے۔ ہم عوام کی مشکل میں اُن کے ساتھ ہیں لیکن یہ ایسا مسئلہ ہے جس کا حل ہمارے ہاتھوں میں نہیں ہے۔ مودی حکومت نے افراط زر کو گھٹانے کے لئے بہت کچھ کام کیا ہے اور کامیابی بھی حاصل کی۔ پرساد نے کہاکہ افراط زر یو پی اے دور حکمرانی کے 2009-14 ء کے درمیان 10.4 فیصد تھی اور اب 4.7 فیصد ہے۔