بھوپال ۔ 17 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے آج کہا کہ ان کے خلاف سینئر کانگریس قائد ڈگ وجئے سنگھ کے عائد الزامات ’’ظلم کی انتہاء‘‘ ہیں۔ ڈگ وجئے سنگھ نے ریاستی ماہرین کے امتحانی بورڈ کے سلسلہ میں چیف منسٹر پر الزامات عائد کئے تھے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ وہ ماہرین قانون سے مشورہ کررہے ہیں تاکہ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے خلاف مناسب اقدام کیا جائے۔ کئی کانگریس قائدین بشمول ڈگ وجئے سنگھ نے کل ایک پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا تھاکہ اسکام سے متعلق کمپیوٹر سے محصلہ اوریجنل ایکسل شیٹ جو اسکام سے متعلق تھی، مسخ کردی گئی ہے تاکہ چیف منسٹر اور ان کے خاندان کو بچایا جاسکے۔ ڈگ وجئے سنگھ نے دعویٰ کیا تھا کہ بی جے پی قائد اور مرکزی وزیر اوما بھارتی کے اس اسکام کے سلسلہ میں کردار کو ’’مبالغہ آرائی‘‘ کے ساتھ تحقیقاتی اداروں نے پیش کیا ہے۔ شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ اقدامات بے بنیاد ہیں۔
ان کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ یہ مکمل طور پر جھوٹ ہیں اور موجودہ تحقیقات کی توجہ ہٹانے کی ایک غلط کارروائی ہے۔ یہ الزامات ڈگ وجئے سنگ نے عائد کئے ہیں اور یہ ظلم کی انتہاء ہے۔ یہ ایک ان کی شبیہہ مسخ کرنے کی بری کوشش ہے۔ ان کی ساکھ اور شہرت کو متاثر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کانگریسی قائدین نے الزام عائد کیا ہیکہ حالانکہ اوما کا نام اصل ایکسل شیٹ میں 10 مرتبہ موجود تھا لیکن اسے مبالغہ آرائی کے ذریعہ مسخ شدہ ایکسل شیٹ میں 17 بار کردیا گیا اور یہی شیٹ خصوصی ٹاسک فورس کی عدالت میں داخل کی گئی۔ کانگریس نے اس اسکام کی سی بی آئی تحقیقات اور چیف منسٹر چوہان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔ ماحول صاف کرنے کی کوشش میں چیف منسٹر نے کہا کہ انہوں نے شخصی طور پر تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ جیسے ہی بے قاعدگیاں منظرعام پر آئی تھیں انہوں نے ان کی وضاحت کیلئے تحقیقات کا حکم دیا تھا اور صرف اتنا ہی نہیں بلکہ ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے خصوصی ٹاسک فورس کے ذریعہ تحقیقات کروائی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض افراد ایک اوسط طبقہ کے شخص کو جو چیف منسٹر بن گیا ہے،
برداشت نہیں کررہے ہیں کیونکہ وہ کامیابی سے حکومت چلا رہا ہے۔ بار بار ناکامیوں سے کانگریس کی عوامی بنیادیں دہل کر رہ گئی ہیں اور پارٹی پریشان ہے۔ سینئر بی جے پی قائد نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس بی جے پی کے ساتھ مقابلہ کرنے کی طاقت کھو بیٹھی ہے اور انفرادی شبیہہ اور شخصی مقبولیت کو متاثر کرنے کی کوششیں کررہی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی بیوی اور بیٹوں کو بھی چھوڑا نہیں گیا۔ کانگریس مدھیہ پردیش سے صفایہ کے قریب ہے۔ حالیہ بلدی انتخابات میں بھی اسے کوئی نشست حاصل نہیں ہوئی جبکہ بی جے پی کو 14 نشستیں اور میئر کا عہدہ حاصل ہوا ہے۔ اقدامات کی اہمیت کم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے چوہان نے کہا کہ نویعت کے اعتبار سے یہ الزامات ان کے خلاف شدید نوعیت کے ہیں اور جب بھی اسمبلی کا اجلاس قریب آتا ہے ان کی شبیہہ مسخ کرنے کی کوششیں دور ہوجاتی ہیں۔