ایم پی : انتخابی نتائج سے قبل دفتر کانگریس کے باہر جشن کا پوسٹر

بھوپال 10دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش میں کل ہونے والی ووٹوں کی گنتی کے پہلے کانگریس کی ریاستی یونٹ کے دفتر کے باہر پارٹی کے ریاستی صدر کمل ناتھ کی قیادت میں اگلی حکومت بننے کے جشن سے متعلق ہورڈنگ بحث کا موضوع بن گئی ہے ۔دارالحکومت بھوپال واقع ریاستی کانگریس کے دفتر کے باہر ایسی ہورڈنگ لگائی گئی ہے جن میں مسٹر کمل ناتھ کی قیادت میں کانگریس حکومت بنانے پر ریاست کے عوام اور کارکنوں کا شکریہ ظاہر کیا گیا ہے ۔وہیں ریاست میں کانگریس کی حکومت بننے کے سلسلے میں نامہ نگاروں کی طرف سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں مسٹر کمل ناتھ نے کہا کہ وہ گزشتہ کئی ماہ سے کہہ رہے ہیں کہ ریاست میں کانگریس کی ہی حکومت بنے گی۔سرکار ووٹروں کے ذریعہ بنتی ہے ، سٹے بازوں یا ایگزٹ پول سے نہیں۔پارٹی کی جانب سے وزیر اعلی کے عہدے کے دعویدار کے بارے میں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی وزیر اعلی بن سکتا ہے ۔مدھیہ پردیش میں کل سبھی 230 اسمبلی حلقوں کے لئے ووٹوں کی گنتی کے ساتھ ہی اگلی حکومت کے سلسلے میں تصویر واضح ہو جائے گی۔