حیدرآباد۔ 25؍اپریل (پریس نوٹ) مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی نے کالج کے ہونہار کھلاڑیوں کو جنہوں نے مختلف مقابلوں میں نمایاں کامیابی حاصل کی آج تہنیت پیش کی۔ کھیل ایوارڈس تقریب میں جو چیرمین اسپورٹس ڈیولپمنٹ کمیٹی و سکریٹری سلطان العلوم ایجوکیشنل سوسائٹی جناب ظفر جاوید کی زیر نگرانی منعقد ہوئی‘ مس مینیتا کو کیش ایوارڈ پیش کیا جنہوں نے تلنگانہ اتھیلیٹک میٹ میں ترپل جمپ میں گولڈ میڈل اور لانگ جمپ میں سلور میڈل حاصل کیا تھا۔ سیدہ نعمت النساء طالبہ ای سی ای جنہوں نے عثمانیہ یونیورسٹی جوڈو چمپئن شپ میں سلور میڈل حاصل کیا تھا کیش ایوارڈ پیش کیاگیا۔ نتیش ریڈی (میکانیکل انجینئرنگ) کو کرکٹر آف دی ایئر اور معز عبدالصمد (ای سی ای) کو فٹبالر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا۔ ایم جے کالج فٹبال ٹیم نے تین انٹر انجینئرنگ ٹورنمنٹس جیتے اور عثمانیہ یونیورسٹی انٹر کالج ٹورنمنٹ میں دوسرے نمبر پر رہی‘ اسے تیس ہزار روپئے کیش پرائز اور باسکٹ بال ٹیم کو اس کی بہترین کارکردگی کے لئے 15ہزار روپئے پیش کئے گئے۔ جناب ظفر جاوید نے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر بشیر احمد ڈائرکٹر ایم جے سیٹ نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر ایم جے کالج کے اسٹاف کو بھی اسپورٹس سرگرمیوں کے لئے ایوارڈ پیش کئے گئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر فرحت اللہ حسینی بھی موجود تھے۔