ممبئی یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی سے دیرینہ تعلقات معمول پر آنے پر ادعا کرتے ہوئے صدر شیو سینا ادھو ٹھاکرے نے آج کہا کہ صدر بی جے پی راجناتھ سنگھ اور چیف منسٹر گجرات نریندر مودی نے انہیں تیقن دیا ہے کہ مہاراشٹرا نو نرمان سینا (ایم این ایس )مہا یوتی (عظیم اتحاد) کا حصہ نہیں ہوگی۔ وہ پارٹی کے ترجمان سامنا کو انٹرویو دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شیو سینا اور بی جے پی کے تعلقات خوشگوار ہیں ،کشیدگی صرف ایک شخص کی وجہ سے پیدا ہوئی تھی لیکن انہوں نے اس شخص کا نام نہیں بتایا ۔ سابق صدر بی جے پی نتن گڈکری نے ایم این ایس کے صدر راج ٹھاکرے سے ملاقات کی تھی۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ کیا انہیں راج ٹھاکرے سے بات چیت کرنے کا اختیار دیا گیا تھا اور کیا انہوں نے ایسا کرنے سے پہلے اتحاد میں شامل تمام حلیفوں سے مشورہ کیا تھا ۔ ایم این ایس کی جانب سے شیو سینا کے امیدواروں کے خلاف امیدوار کھڑا کرنے کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم این ایس نے وہاں اپنے امیدوار کھرا کئے ہیں جہاں سے این سی پی مقابلہ نہیں کررہی ہے ان کے امیدوار ہمارے خلاف نہیں ہیں۔