ایم آئی ایم ۔ بی بی ایم اتحاد بوگس ، شیوسینا کا ردعمل

ممبئی 17 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) اور پرکاش امبیڈکر زیرقیادت بی بی ایم کے درمیان ماقبل چناؤ مجوزہ اتحاد کو بوگس قرار دیتے ہوئے شیوسینا نے آج کہاکہ اِس طرح کا سیاسی اقدام اچھا شگون نہیں۔ اِس اتحاد سے صرف بی جے پی کو فائدہ ہوگا، شیوسینا نے اِس دعوے کے ساتھ الزام عائد کیاکہ بی بی ایم سربراہ جو آنجہانی ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے پوتے ہیں، اُن کا اقدام خود اُن کی کمیونٹی کے لوگوں سے دغا کے مترادف ہے۔ اویسی اور امبیڈکر کا سیاسی اتحاد صرف کسی اور کو شکست دینے کے لئے ہے اور یہ سوچی سمجھی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ تاہم شیوسینا نے کسی پارٹی کا نام نہیں لیا۔ ایم آئی ایم اور بی بی ایم کے قائدین نے ہفتے کو کہا تھا کہ دونوں پارٹیاں 2019 ء میں لوک سبھا اور مہاراشٹرا اسمبلی چناؤ کے لئے اتحاد کریں گے۔