ایلینا نے دبئی اوپن جیت لیا

دبئی ۔26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایلینا سویتولینا نے فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے دبئی اوپن ٹینس ٹورنمنٹ اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں انہوں نے ڈاریا کاسٹکینا کو شکست سے دوچار کیا۔ دبئی میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز مقابلوں کے فائنل میں ٹاپ سیڈ یوکرین کی ایلینا سویتولینا نے روس کی ڈاریا کاسٹکینا کو راست سٹوں 4-6 اور 0-6 سے شکست دے کرخطاب اپنے نام کیا۔دریں اثناء مردوں کے ٹورنمنٹ ریو اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے فائنل میں ارجنٹینا کے ڈیاگو شوارٹزمین نے ا سپین کے فرنینڈو ورڈاسکو کو کلے کورٹ میں2-6 اور 3-6کے راست سٹوں میں شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا۔ ایک گھنٹہ اور23 منٹ کے اس مقابلے میں جیت کے بعد ڈیاگو شوارٹزمین پہلی مرتبہ عالمی درجہ بندی کے سرفہرست20 کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے ہیں۔ قبل ازیں ورڈاسکو اور ڈیاگو شوارٹزمین نے ریو اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے مینز سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنلز میں کامیابی حاصل کی۔ ا سپین کے ورڈاسکو نے اٹلی کے فیبیو فوگنینی کو 1-6 اور 5-7 سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔