ایشین گیمس میں حصہ لینے کا فیصلہ ٹینس اسوسی ایشن پر منحصر

حیدرآباد 7 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایشین گیمس یا پھر اسی وقت منعقد ہونے والے ایک ڈبلیو ٹی اے ٹورنمنٹ میں کسی ایک میں حصہ لینے کے تعلق سے کوئی قطعی فیصلہ نہ کرنے کے بعد ثانیہ مرزا نے آج اس تعلق سے کوئی بھی فیصلہ کرنے کا انڈیا ٹینس اسوسی ایشن کو اختیار دیدیا ہے ۔ ایشین گیمس کا کوریا میں انچیان کے مقام پر انعقاد عمل میں آنے والا ہے ۔ ثانیہ مرزا امریکی اوپن کے مکسڈ ڈبلز کا خطاب جیتنے کے بعد وطن واپس ہوئی ہیں اور ان سے سوال کیا گیا تھا کہ آیا وہ ایشین گیمس میں حصہ لیں گی یا پھر کسی ڈبلیو ٹی اے ٹورنمنٹ میں حصہ لیں گی ۔ ہندوستان کے سومدیو دیوورمن اور روہن بوپنا نے ایشین گیمس سے دستبرداری اختیار کرلی ہے ۔ ثانیہ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایشین گیمس میں کچھ مسائل ضرور ہیں کیونکہ اس کا جس وقت انعقاد عمل میں آ رہا ہے اسی وقت ایشیا میں دو دوسرے بڑے ٹورنمنٹ ہیں۔

ان دو ہفتوں میں انہیں کئی جانب توجہ دینی ہے یہ ان کیلئے بہت مشکل صورتحال ہے ۔ انہوں نے تاہم کہا ہ وہ اس مسئلہ کو ٹینس اسوسی ایشن پر چھوڑ چکی ہیں کہ وہ اس تعلق سے کوئی فیصلہ کرے ۔ کیونکہ یہ ان کیلئے بہت مشکل صورتحال ہے اس لئے وہ اپنے طور پر فوری کوئی فیصلہ نہیں کرسکتیں۔ انہوں نے کہا کہ ایشین گیمس میں اگر وہ حصہ لینے کا فیصلہ کرتی ہیں تو وہ ڈبلیو ٹی اے سیزن میں اپنے امکانات کو متاثر کرینگی ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں کوئی بھی فیصلہ کرنا ان کیلئے بہت مشکل تھا کیونکہ وہ سمجھتی ہیں کہ اگر ہم ڈبلیو ٹی اے سیزن کھیلیں تو ہم سنگاپور میں ہونے والی چمپئن شپ میں شامل ہوسکتے ہیں لیکن اگر ہم ایسا نہ کریں تو اس چمپئن کے امکانات بہت کم ہوجائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود اگر انہیں ملک کی نمائندگی کرنی ہے تو وہ یقینی طور پر ایشین گیمس میںحصہ لیں گی لیکن یہ فیصلہ وہ اپنے طور پر نہیں کرسکتیں ۔ وہ یہ فیصلہ فیڈریشن پر چھوڑ رہی ہیں کہ ان کی مدد ہوسکے ۔ وہ ان سے بات کرنے والی ہیں۔ ان گیمس میں ہندوستان کیلئے میڈل کے امکانات کے تعلق سے ثانیہ مرزا نے کہا کہ صرف ان کی شرکت سے ایسا ہونا ممکن نہیں ہے کیونکہ کئی بڑے اسٹارس اس ٹورنمنٹ سے دستبرداری اختیار کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ کئی بڑے کھلاڑی باہر ہوچکے ہیں اس لئے وہ نہیں سمجھتیں کہ ہندوستان کے میڈل حاصل کرنے کے امکانات کیا ہیں۔ تاہم ہم دیکھیں گے کہ کیا کیا جاسکتا ہے ۔ ثانیہ مرزا نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ انہیں امید ہے کہ کسی دن وہ ومبلڈن کا خطاب بھی حاصل کرینگی ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی اوپن کا مکسڈ ڈبلز خطاب ان کا تیسرا گرانڈ سلام خطاب تھا اور انہیں امید ہے کہ وہ ایک دن ومبلڈن بھی جیتیں گی تاکہ تمام چاروں گرانڈ سلام جیتنے کا اعزاز انہیں حاصل رہے ۔