نئی دہلی ۔ 14 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے مایہ ناز فٹ بال کھلاڑی 34سالہ سنیل شتری جو کہنی کے زخم کے باعث فی الحال ٹیم سے باہر ہیں آئندہ ہونے والے ایشیاء کپ فٹبال متحدہ عرب امارات ‘ جنوری ۔فبروری 2019 میں ان کی شدت سے کمی محسوس کی جائے گی ۔ خاص طور پر اردن کے ساتھ ابتدائی دوستانہ میاچ میں وہ حصہ نہیں لے سکیں ۔ ان خیالات کا اظہار ہندوستانی فٹبال کوچ اسٹیفن کانسٹانٹین نے کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ گذشتہ چار سال سے ٹیم کیلئے بہت بڑا سہارارہے ہیںاور ان کا نعم البدل شائد ہی کوئی دوسرا کھلاڑی ہو ‘ وہ بہت ہی شاندار کھلاڑی ہیں ۔ اردن کے ساتھ پہلے مقابلہ میں ٹیم کے دوسرے جونیئر کھلاڑیوں کو آگے آنا چاہیئے اور اپنے کھیل کا بہترین مظاہرہ کرنا چاہیئے ۔ کوچ اسٹیفن نے کہا کہ سنیل کے بدلہ میں ہندوستان کو کوئی اور دوسرا کھلاڑی میسر آنا ضروری ہے تاکہ ان کی کمی کو دور کیا جاسکے اور موجودہ کھلاڑیوں کو بہت ہی محتاط انداز سے کھیلنا ضروری ہے تاکہ وہ سنیل شتری کی طرح کہیں زخمی نہہوجائیں ۔ عمان کے ساتھ مقابلہ ہندوستانی ٹیم کیلئے بہترین آزمائش کی مانند ہے تاکہ آئندہ سال کے مقابلوں میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں ۔ ہندوستانی فٹ بال ٹیم اردن کیلئے جمعرات کو روانہ ہوجائے گی اور اس تین روزہ کیمپ میں کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں اورا س کیمپ میں حصہ لینے کیلئے فیفا انڈر 17 کے ورلڈ کپ ہولڈر کومال تھٹال کو بھی طلب کرلیا گیا ہے ۔