ایشیا کپ کرکٹ میں ہندوستان و پاکستان کا دوسری بار آمنا سامنا

پاکستان کا پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ ، ہندوستان کو جیت کیلئے 238 رنز کا نشانہ

دبئی۔ 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایشیا کپ 2018ء کے سوپر فور مرحلہ کے تیسرے مقابلے میں پاکستان نے ہندوستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سوپر فور مرحلے کے اس میچ کی فاتح ٹیم کی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنمنٹ کے فائنل میں کھیلنے کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ پول میچ میں ہندوستان کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ فاسٹ بولر عثمان شنواری کی جگہ محمد عامر کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ شاداب خان فٹنس ٹسٹ میں کامیاب ہونے کے بعد حارث سہیل کی جگہ واپس ٹیم میں شامل ہوگئے ہیں۔ ایشیا کپ کی تاریخ میں ہندوستان کا پاکستان کے خلاف پلڑا بھاری رہا ہے۔ اس نے پاکستان کو 7 مرتبہ شکست دی جبکہ پاکستان نے ہندوستان کو 4 مرتبہ زیر کیا ہے۔ پاکستانی اننگز میں سب سے زیادہ رنز شعیب ملک نے بنائے ہیں۔ وہ 90 گیندوں میں جملہ 78 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور دوسرے نمبر پر سرفراز احمد تھے جنہوں نے 66 گیندوں 44 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ امام الحق (10)، فخر زماں (31)، بابر اعظم (9)، آصف علی (30) رنز بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے یوزویندر چہل نے 46 رنز دے کر 2 وکٹس اور کلدیپ یادو نے 41 رنز دے کر 2 وکٹس حاصل کئے جبکہ جسپریت بمرہ 26 رنز ایک وکٹ اور بھونیشور کمار ، رویندر جڈیجہ اور کیدار جادھو کو کوئی بھی وکٹ لینے میں کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ پاکستانی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 50 اوورس میں جملہ 237 بناکر ہندوستان کے سامنے جیت کیلئے 238 رنز کا نشانہ رکھا ہے اور پاکستان کے جملہ 7 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔