ایشیا کپ : شاہد آفریدی نے پاکستان کو سنسنی خیز کامیابی دلائی

میرپور 2 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی آل راونڈر شاہد آفریدی نے ایک بار پھر شائقین کا دل موہ لیتے ہوئے ہندوستان کے خلاف کھیلے گئے ایک انتہائی سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے میں متواتر دو چھکے لگاتے ہوئے اپنی ٹیم کو انتہائی مشکل نظر آنے والی کامیابی سے ہمکنار کیا ۔ شاہد آفریدی نے 50 ویں اوور کی تیسری اور چوتھی گیند پر روی چندرن اشون کی گیندوں کو چھکوں میں تبدیل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک وکٹ سے انتہائی سنسنی خیز کامیابی دلانے میں اہم رول ادا کیا ۔

پاکستان نے ہندوستان کے 245 رنوں کا تعاقب کرتے ہوئے 9 وکٹس کے نقصان سے 49.4 اوورس میں 9 وکٹس کے نقصان پر 249 رن بناکر یہ میچ جیت لیا ۔ بھی میچ کی دو گیندیں باقی تھیں۔ آفریدی 18 گیندوں میں تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 33 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ جیسے ہی انہوں نے پچاسویں اوور کی چوتھی گیند پر چھکا لگایا اسٹیڈیم میں موجود شائقین خوشی سے اچھل پڑے ۔ قبل ازیں پاکستان کیلئے محمد حفیظ اور صہیب مقصود نے پانچویں وکٹ کی رفاقت میں 87 رن بناکر پاکستان کو ایک مستحکم موقف میں پہونچادیا تھا تاہم ان دونوں کے جلدی جلدی آوٹ ہوجانے کے بعد میچ پوری طرح سے ہندوستان کے حق میں نظر آنے لگا تھا تاہم اس موقع پر آفریدی نے ذمہ داری اٹھائی اور انہوں نے عمر گل کے ساتھ مل کر ٹیم کو کامیابی کے بالکل قریب پہونچادیا تھا ۔

آفریدی نے ابتداء میں ایک چھکا اور دو چوکے لگاتے ہوئے اپنی اننگز کا تیز رفتار آغاز کیا تھا بعد میں عمر گل نے بھی بھونیشور کمار کی ایک گیند پر چھکا لگاتے ہوئے ٹیم کے اطمینان بخش موقف میں پہونچا دیا تھا ۔ اس مرحلہ پر ہندوستانی بولرس نے ہوش و حواس قائم رکھتے ہوئے پانچ گیندوں میں پاکستان کے تین بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ایک بار پھر میچ ہندوستان کے حق میں دکھائی دے رہے تھے ۔ آخری چار گیندوں پر پاکستان کو جیت کیلئے 9 رن درکار تھے لیکن آفریدی نے دو متواتر چھکے لگاتے ہوئے دو گیندیں قبل ہی کامیابی حاصل کرلی ۔ حالانکہ روی چندرن اشون نے ساری اننگز میں اچھی بولنگ کی تھی لیکن وہ آخری دو گیندوںپر آفریدی کو روکنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔ پہلا چھکا آفریدی نے ایکسٹرا کور کے اوپر سے لگایا جبکہ دوسرا چھکا انہوں نے لان آن باؤنڈری کے اوپر سے لگاتے ہوئے ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا ۔ اس سے قبل محمد حفیظ نے مشکل حالات میں اپنی ٹیم کو سنبھالتے ہوئے اسے کامیابی کے قریب پہونچا دیا تھا ۔ پاکستان کے اوپنر شرجیل خان نے 25 اور احمد شہزاد نے 42 رنز بنائے ۔ اس کے بعد محمد حفیظ نے ٹیم کیلئے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 117 گیندوں میں دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 75 رنز اسکور کئے تھے ۔ انہیں اشون کی گیند پر کمار نے کیچ آوٹ کیا ۔ مصباح الحق ایک بار پھر ناکام رہے اور انہوں نے صرف ایک رن بنایا ۔ وہ رن آوٹ ہوئے ۔

عمر اکمل جنہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف سنچری اسکور کی تھی صرف چار رن بناکر امیت مشرا کی گیند پر رویندر جڈیجہ کو کیچ دے کر آوٹ ہوئے ۔ صہیب مقصود نے بھی ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور انہوں نے 53 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 38 رن بناکر رن آوٹ ہوئے ۔ آفریدی نے 34 ناٹ آوٹ رن بنائے جبکہ جنید خان ایک رن پر ناٹ آوٹ رہے ۔ محمد طلحہ اور سعید اجمل صفر کے اسکور پر آوٹ ہوئے تھے ۔ قبل ازیں ہندوستان نے اوپنر روہت شرما ‘ رویندر جڈیجہ اور امباٹی رائیڈو کی نصف سنچریوں کی بدولت 245 رنوں کا اسکور بنایا تھا ۔ دوسرے بلے باز شکھر دھون ویراٹ کوہلی ‘ اجنکیا رہانے زیادہ رنز بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔ دنیش کارتک نے بھی 23 رن بنائے ۔ پاکستانی بولرس نے نپی تلی گیند بازی کرتے ہوئے ہندوستانی بلے بازوں کو کوئی بڑا اسکور کرنے سے باز رکھا ۔

پاکستان کی جانب سے سعید اجمل کامیاب بولر رہے جنہوں نے دس اوورس میں 40 رنز دیتے ہوئے تین وکٹس حاصل کئے ۔ محمد حفیظ نے 9 اوورس میں 38 رن دے کر دو دوکٹس حاصل کئے جبکہ محمد طلحہ نے بھی دو وکٹس حاصل کئے ۔ عمر گل کو ایک وکٹ مل سکی تھی ۔ ہندوستان کی جانب سے اشون نے 9.4 اوورس میں 44 رنز دیتے ہوئے تین وکٹس حاصل کئے جبکہ بھونیشور کمار اور امیت مشرا کو دو دو وکٹیں ملیں ۔ دو کھلاڑی رن آوٹ ہوئے جبکہ محمد سمیع کو کوئی وکٹ نہیں مل سکی ۔ پاکستان کے محمد حفیظ کو شاندار آل راونڈ مظاہرہ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ پاکستان کی پہلے میچ میں سری لنکا کے خلاف شکست کے بعد یہ مسلسل دوسری کامیابی ہے ۔ پاکستان نے افغانستان کے خلاف کامیابی کے ساتھ بونس پوائنٹ بھی حاصل کیا تھا ۔ ہندوستان کیلئے مسلسل دو شکستوں کے بعد ٹورنمنٹ میں برقراری کے امکانات متاثر ہوئے ہیں۔ سری لنکا بھی اپنے دو میچس میں کامیابی حاصل کرچکی ہے جبکہ بنگلہ دیش ایک بھی میچ نہیں جیت سکی ۔ افغانستان نے ایک میچ میں کامیابی حاصل کی ہے ۔