ایشیا کپ ، ٹیموں نے مصنوعی روشنی میں پراکٹس کی

دبئی ۔13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنمنٹ کے لئے پاکستانی ٹیم نے آئی سی سی اکیڈمی میں فلڈ لائٹس میں بھرپور پریکٹس میں حصہ لیا اور میگا ایونٹ کے لئے اپنی تیاریوں کا آغاز کردیا۔ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹیم پہلا میچ اتوار کو کھیلے گی۔ سخت گرم موسم میں پاکستانی کھلاڑیوں نے نئے فیلڈنگ کوچ کے ساتھ فیلڈنگ پر خوب محنت کی۔ نیٹ پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے علاوہ بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور بولنگ کوچ اظہر محمود بھی اپنے اپنے شعبوں خصوصی توجہ دی۔ پاکستان کے علاوہ ٹورنمنٹ میں شرکت کرنے والی سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان ، ہانگ کانگ کی ٹیموں نے بھی پریکٹس کی۔ پاکستان کے آل رائونڈر فہیم اشرف نے کہا ہے کہ یہ ٹورنمنٹ بہت اہم ہے۔ پاکستان ٹیم اپنے شائقین کی توقعات پورا کرے گی۔ بنگلہ دیش کے آل رائونڈر محمود اللہ ریاض نے کہا ہے کہ ہمارا پہلا میچ سری لنکا کے خلاف ہے اور چند ماہ پہلے ہماری سری لنکا کے خلاف خوشگوار یادیں رہی ہیں اور ہم اس بار بھی سری لنکا کو سخت چیلنج دینا چاہتے ہیں۔بھر پور تیاری کے ساتھ آئے ہیں۔کوشش کروں گا کہ یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔دریں اثناء پاکستان کے سابق کپتان عامر سہیل نے کہا ہے کہ امارات کی وکٹیں پاکستانی کھلاڑیوں کو مدد دیتی ہیں اس لئے پاکستان کی جیت کے امکانات زیادہ ہیں۔ ہندوستان اور سری لنکا ٹورنمنٹ کی اچھی ٹیمیں ہیں اورایشیا کپ میں سخت مقابلے کی توقع ہے۔ پاکستانی ٹیم جب ٹورنمنٹ کا میچ کھیلنے اترے گی تو اس کے ذہن میں گذشتہ سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میچ ہوگا اس میچ سے پاکستانی ٹیم کو اعتماد ملے گا۔