ایشیاکپ میں ایران کو پاکستان کے خلاف شکست

واہ کینٹ۔3 مئی (سیاست ڈاٹ کام)کبڈی ایشیا کپ کا آغاز رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے ہوا۔ ننھے بچوں نے منفرد انداز میں نغمے پیش کئے جبکہ آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔ ایونٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان کا ایران سے مقابلہ رہا اورمیزبان ٹیم نے شروع سے ہی میچ پر گرفت مضبوط رکھی۔ شفیق چشتی، علی شان ، عبید اللہ اور مشرف جاوید نے شاندار کھیل پیش کیا اور بڑی تعداد میں موجود کبڈی کے شائقین سے خوب داد سمیٹی۔ پاکستان نے ایران کو 47-22 نشانات سے شکست دی۔
بورڈس کی مشترکہ اپیل پرعامر کوویزا ملنے کا امکان
لندن ۔3 مئی (سیاست ڈاٹ کام)امیگریشن کے ایک معروف وکیل ڈاکٹر اکبر ملک کے بموجب اگر پاکستان کرکٹ بورڈ اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ برٹش ہائی کمیشن کے انٹری کلیئرنس افسر کو مشترکہ طورپر درخواست دیں تو محمد عامر کو برطانیہ میں داخلے کاویزا مل سکتاہے۔ ایسا صرف غیر معمولی حالات میں اس وقت ممکن ہے جب مفاد عامہ ویزا رد کرنے کے قانون سے زیادہ وزن دار ہو ورنہ ویزا مسترد کیا جانا یقینی ہے۔ ای سی بی اور پی سی بی کے ویزا افسر کو یہ باور کروانا ہوگا کہ عامر کوبرطانیہ کا ویزا دینا کس طرح مفاد عامہ میں ہے۔