ایشیاڈ :یوگیشور دت نے باکسنگ گولڈ ‘ خوشبیر کو ریس واک میں سلور میڈل

انچیون 28 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اسٹار ریسلر یوگیشور دت نے 17 ویں ایشین گیمس میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ہندوستان کیلئے بحیثیت مجموعی چوتھا گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ خوشبیر کور نے 20 کیلومیٹر واک ریس میں سلور میڈل جیتا ۔ خوشبیر کور ہندوستان کیلئے اس مقابلہ میں میڈل حاصل کرنے والی پہلی خاتون بن گئیں۔ آج کی کامیابیوں کے بعد ہندوستان میڈلس کے حصول میں آٹھویں نمبر پر پہونچ گیا ہے جبکہ آج مقابلوں کا نواں دن تھا ۔ اس کے علاوہ میں ٹینس کھلاڑیوں نے تین برانز میڈل جیتے ہیں ۔ یوکی بھامبری نے مینس سنگلز اور ڈبلز میں یہ میڈلس جیتے ۔ ڈیوج شرن نے ڈبلز میں ان کا ساتھ دیا جبکہ وومنس ڈبلز میں ثانیہ مرزا اور پرارتھنا تھومبارے نے برانز میڈل جیتا ۔ درمیانی نوعیت کا فاصلہ طئے کرنے والے اتھیلیٹ ایم آر پواما نے وومنس 400 میٹر کی دوڑ میں برانز میڈل جیتا ۔ ہندوستانی جتھے کیلئے آج کا دن بھی بہت اچھا رہا جبکہ کل بھی ہندوستان نے اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے 10 میڈلس حاصل کئے تھے ۔ اب ہندوستان 19 ستمبر کو شروع ہوئے ان ایشین گیمس میں پہلی مرتبہ میڈلس کے حصول میں ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگیا ہے ۔آج ہندوستان کو ملے چھ میڈلس کے ساتھ وہ میڈلس کے حصول میں آٹھویں نمبر پر پہونچ گیا ہے ۔ اس نے چار گولڈ ‘ پانچ سلور اور 24 برانز میڈلس جیتے ہیں۔ چین میڈلس کے معاملہ میں اپنی سبقت بنائے ہوئے ہے ۔ اس نے جملہ 207 میڈلس جیتے ہیں ۔ ان میں 101 گولڈ ‘ 61 سلور اور 45 برانز میڈلس حاصل کئے ہیں۔ جنوبی کوریا نے 41 گولڈ ‘ 45 سلور اور 44 برانز میڈلس حاصل کئے جبکہ جاپان تیسرے نمبر پر ہے ۔

جاپان کو 32 گولڈ 44 سلور اور 44 برانز میڈلس حاصل ہوئے ہیں۔ آج کے میڈلس کے حصول کے علاوہ ہندوستان کو آئندہ دنوں میں مزید میڈلس کے حصول کی امید بندھ گئی ہے ۔ تینوں ویٹ زمرہ میں ہندوستانی خاتون باکسرس کو میڈلس ملنا یقینی ہے ۔ مینس ڈبلز کی ٹیم سانم سنگھ اور ساکیٹ مئنینی کو بھی کم از کم سلور میڈل ملنا یقینی ہوگیا ہے کیونکہ وہ مینس ڈبلز کے فائنل میں پہونچ گئے ہیں۔ آج ہندوستان کیلئے یوگیشور نے شاندار کارنامہ کر دکھایا ۔ انہوں نے 2006 کے ایشین گیمس میں برانز میڈل جیتا تھا اور آج انہوں نے اپنی کارکردگی میں بہتری لاتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا ۔ یوگیشور نے اولمپک میں بھی برانز میڈل حاصل کیا تھا ۔ سیمی فائنل تک رسائی میں انہوں نے حالانکہ کوئی خاص مظاہرہ نہیں کیا تھا لیکن سیمی فائنل اور فائنل میں انہوں نے اچھا مظاہرہ کیا ۔

فائنل میں انہوں نے تاجکستان کے ظالم خان یوسوفوف کو شکست دیتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا ۔ قبل ازیں خوشبیر کور نے 17 ویں ایشین گیمس میں 20 کیلو میٹر ریس واک میں سلور میڈل حاصل کیا ہے ۔ انہوں نے اس مقابلہ میں خود اپنا ریکارڈ بہتر بنایا اور نیا نیشنل ریکارڈ بھی بنایا ۔ امرتسر سے تعلق رکھنے والی 21 سالہ خوشبیر نے یہ فاصلہ ایک گھنٹہ 33 منٹ اور 07 سکنڈز میں پورا کیا ۔ یہ نیشنل ریکارڈ بھی ہے ۔ وہ اس وقت کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔ اس سے قبل خوشبیر نے یہ فاصلہ 1:33.37 سکنڈز میں طئے کیا تھا ۔ خوشبیر کور اس مقابلہ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی چین کی اتھیلیٹ لو ژیوزہی سے دو منٹ پیچھے رہیں۔ انہوںنے 1:31.06 سکنڈز میں یہ فاصلہ طئے کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا ۔ خوشبیر کور ابتداء سے تیسرے نمبر پر تھیں اور یہ مقام انہوں نے برقرار رکھا تھا تاہم آخری دو کیلو میٹر میں انہوں نے مزید ہبتری دکھائی اور دوسرے نمبر پر پہونچ گئیں ۔ چین کی ہی نئی جنگ جنگ نے چوتھا مقام حاصل کیا حالانکہ وہ بیشتر وقت تک دوسرے نمبر پر رہی تھیں۔ آخری وقتوں میں ان کی رفتار میں کمی واقع ہوگئی تھی ۔ برانز میڈل جنوبی کوریا کی جیون یوئنگیون کو حاصل ہوا

جنہوں نے 1:33.18 سکنڈز میں یہ فاصلہ طئے کیا تھا ۔ ٹینس میں یوکی نے ہندوستان کا واحد سنگلز میڈل جیتا ۔ انہو نے مینس ایونٹ میں برانز میڈل حاصل کیا جاپان کے یوشیہیتو نشئیوکا کے خلاف سیمی فائنل میں انہوں نے کچھ غلطیاں کیں جس کی وجہ سے انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ وومنس ڈبلز میں ہندوستانی جوڑی ثانیہ مرزا اور پرارتھنا تھومبوارے نے بھی سیمی فائنل میں شکست کے بعد برانز میڈل جیتا ۔ اس جوڑی کو چینی ۔ تائیپی جوڑی چن وئی چان اور سو وئی ہسیہن کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ دیوج شرن اور یوکی بھامری نے مینس ڈبلز میں سیمی فائنل میں شکست کے بعد برانز میڈل حاصل کیا ۔ باکسنگ میں تاہم ہندوستان کیلئے اچھا مظاہرہ رہا ۔ اولمپک برانز میڈلسٹ میری کوم نے ہندوستانی جتھے کی قیادت کی اور51 کیلو گرام ‘ 60 کیلو گرام اور 75 کیلو گرام میں میری کوم ‘ سریتا دیوی اور پوجا رانی کو میڈل ملنا یقینی ہوگیا ہے ۔ نشانہ بازی میں ہندوستانی خواتین ٹیم کا مظاہرہ آج اچھا نہیں رہا اور یہ ٹیم میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے ۔ کنوئنگ کے مقابلوں میں بھی ہندوستانی جتھا کوئی خاص مظاہرہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا ۔