ایشیاڈ میں ہندوستان کی 15 ویں پوزیشن برقرار ، ہاکی میں ناکامی

انچیون(جنوبی کوریا) ۔ 25 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کشتی راں اتھلیٹس آج سب سے نمایاں کارکردگی پیش کرنے والے رہے جیسا کہ انھیں دو برانز میڈل حاصل ہوئے جبکہ غیرمعروف خاتون شوٹرس نے ایک اور برانز کا اضافہ کرلیا اور اس کے ساتھ ہندوستان نے یہاں جاری 17 ویں ایشین گیمس میں 15 تمغوں کی مجموعی تعداد کے ساتھ اجتماعی درجہ بندی میں 15 ویں پوزیشن برقرار رکھی ہے ۔ فوجی سورن سنگھ ویرک نے کشتی رانی میں اپنا دم خم دکھاتے ہوئے سنگل اسکلس کے زمرے میں تیسرا مقام حاصل کیا جس کے بعد مینس اسکواڈ نے ہندوستانی جتھہ کیلئے ملے جلے نتائج کے ایک اور روز آٹھویں خطاب کا اضافہ کیا۔ ڈبل ٹراپ ویمنس ٹیم شگون چودھری ، شریاسی سنگھ اور ورشا ورمن نے بڑی حد تک مایوس ہندوستانی شوٹرس کے کیمپ میں کچھ خوشی کی لہر لاتے ہوئے مقابلوں کے چھٹے روز برونز میڈل جیتا ۔ ہندوستان کو آرچری ( تیراندازی ) میں سلور میڈل کا ملنا یقینی ہے

جبکہ اسکوائش کے کھلاڑیوں کو بھی مینس اور ویمنس ٹیم ایونٹس میں سیمی فائنلس تک رسائی حاصل کرلینے کے پیش نظر ایک ، ایک برونز یقینی ہوگیا ہے ۔ لیکن دل شکن مظاہرہ ہندوستانی مینس ہاکی ٹیم کی طرف سے ہوا جو کٹر حریف پاکستان کے مقابل گروپ بی میچ میں 1-2 سے ہار گئی ۔ اس شکست نے ہندوستان کے اگلے راؤنڈ میں پیشرفت کے امکانات کو لیت و لعل میں ڈال دیا ہے ۔ آج تمغوں کی مجموعی تعداد میں مزید 3 کے اضافہ کے ساتھ ہندوستان کو 15 واں مقام ایک گولڈ ، ایک سلور اور 13 برونز میڈل کے ساتھ حاصل ہے ۔ چین بدستور 138 تمغوں (72-36-30) کے ساتھ سرفہرست ہے جس کے بعد میزبان جنوبی کوریا (28-29-28) اور جاپان (22-33-28) ہیں ۔

بیڈمنٹن میں اسٹار شٹلرس سائنا نہوال اور پروپلی کیشپ ترتیب وار آخری اور آخری 16 سالہ کے راؤنڈ میں پہنچ گئے لیکن پی وی سندھو ابتدائی مرحلے میں ناکام ہوگئیں ۔ تاہم ہندوستان کیلئے متواتر دوسرے روز کشتی رانی مقابلوں کے مقام سے قریب واقع آنگ نیون پسٹل اینڈ رائفل رینج میں شوٹرس کو کچھ بھی ہاتھ نہ لگا جہاں اسٹار شوٹر گگن نارنگ ایکشن میں نظر آئے لیکن انفرادی طورپر فلاپ ہوئے جبکہ اُن کے ٹیم ساتھی بھی 50 میٹر رائفل پرون ایونٹ میں کوئی اثر نہ دکھاسکے ۔ ہاکی میں جس کے مقابلوں کی شروعات کا برصغیر کی دونوں حریف ٹیموں کے شائقین کو بے صبری سے انتظار تھا ، ہندوستانیوں نے مایوس کیا۔

پاکستان کے لئے 38 ویں منٹ میں عمر بھٹّا اور 54 ویں منٹ میں محمد وقاص نے گول کئے جبکہ ہندوستانیوں کا واحد اسکور نکن تیمیا نے 53 ویں منٹ میں درج کرایا ۔ اُدھر بیڈمنٹن میں عالمی نمبر 7 سائنا نے ایران کی ثریا آغائی حاجی آغا کو 2-0 سے واضح شکست دی جو گیانگ جمنازیم میں منعقدہ ویمنس سنگلز کا 16 کے راؤنڈ کا مقابلہ رہا ۔ سائنا کو اب عالمی نمبر 2 چین کی وانگ یی ہان کا سامنا رہے گا ۔ ہندوستانی ٹینس کھلاڑیوں یو کی بھامبری ، صنم سنگھ اور انکیتا رائنا نے اپنے متعلقہ سنگلز میچس میں بہ آسانی کامیابیاں درج کراتے ہوئے پری کوارٹرس میں رسائی حاصل کرلی ۔ تمام تینوں ہندوستانیوں کو اپنے حریفوں کی طرف سے بہت کم مزاحمت کا سامنا ہوا اور تما م مقابلے سیدھے سٹوں میں طئے ہوگئے ۔ سیپک ٹکرا میں انڈین مینس ٹیم کو میزبان ساؤتھ کوریا نے گروپ A کے ابتدائی میچ میں 0-3 سے ہرادیا۔