دبئی۔10جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش نے آج وعدہ کیا ہے کہ وہ علاقہ میں منعقد شدنی ایشیاء کپ کیلئے پاکستانی ٹیم کیلئے زائد سیکیورٹی فراہم کرے گا ۔ ایشین کرکٹ کونسل نے گذشتہ ہفتہ کولمبو میں منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا تھا کہ سیاسی کشیدگی کے باوجود بنگلہ دیش کو ایشیا کپ کی میزبانی فراہم کی جائے گی جیسا کہ یہ ٹورنمنٹ ڈھاکہ میں 25فبروری تا 8مارچ کھیلا جائے گا ۔ 5جنوری کو بنگلہ دیش میں منعقدہ عام انتخابات کے ضمن میں یہاں حالات کشیدہ ہوچکے تھے اور اپوزیشن جماعتوں نے بائیکاٹ کیا تھا ۔ علاوہ ازیں مخالف پاکستانی نظریہ بھی عروج پر تھے جس کی وجہ سے حالات کشیدہ ہوئے تھے ۔ ڈھاکہ میں پاکستانی پرچم کو نذرآتش کرنے کے علاوہ پاکستانی ہائی کمیشن کے خلاف بھی احتجاج منعقد کیا گیا تھا ۔ ان حالات کے پیش نظر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی ) اور پاکستانی کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے ایک اجلاس منعقد کیا تھا ۔ آئی سی سی کی صدارت میں منعقدہ اس اجلاس میں بنگلہ دیش نے ایشیاء کپ میں شرکت کرنے والی پاکستانی ٹیم کو زائد سیکیورٹی فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے کارگذار چیف ایگزیکٹیو نظام الدین چودھری نے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو زائد سیکیورٹی کا مطالبہ کیا گیا ہے اور ہمارا پی سی بی کے ساتھ ایک مثبت اجلاس منعقد ہوا ہے جس میں ہم نے پاکستانی کھلاڑیوں کو فراہم کی جانے والی زائد سیکیورٹی کے متعلق انہیں مطلع کیا ہے ۔ پی سی بی کے عبوری چیرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کیلئے زائد سیکیورٹی کی درخواست کو منظور کرلیا ہے اور ایک بیان میں میزبان ملک نے کہا ہے کہ وہ پاکستانی کھلاڑیوں کو زائد سیکیورٹی فراہم کرے گا ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ہم ٹورنمنٹ سے قبل سیکیورٹی عہدیدار بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے اور وہاں فراہم کی جانے والی سیکیورٹی کا معائنہ کرتے ہوئے رواں ماہ آئی سی سی کے سیکیورٹی اجلاس میں اس پر تبادلہ خیال ہوگا ۔ بنگلہ دیش نے ایشیاء کپ کی میزبانی کیلئے بہتر انتظامات کرتے ہوئے آئی سی سی ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ جو کہ 16مارچ تا 6اپریل رواں برس کھیلا جائے گا‘ اس کیلئے بھی مثبت پیغام فراہم کیاہے ۔