نئی دہلی۔ 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل 2017ء کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی میں ہندوستانی سینئر فاسٹ بولر ایشانت شرما کو کوئی خریدار نہیں ملا لیکن آج کنگس الیون پنجاب نے 10 ویں ایڈیشن کیلئے ایشانت شرما کی خدمات حاصل کرلی ہیں جس سے ان کے ٹوئنٹی کریر کو ایک نئی تقویت ملی ہے۔ فی الحال ایشانت شرما ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کا حصہ ہیں، جن کے نام 77 وکٹیں درج ہیں۔ ایشانت شرما کو فروری میں منعقدہ کھلاڑیوں کی نیلامی میں کوئی بھی ٹیم نہیں خریدی جس کی اصل وجہ ان کی بنیادی قیمت 2 کروڑ روپئے تھی۔ ایشانت کولکتہ، دکن چارجرس ، سن رائزرس حیدرآباد اور پونے کیلئے آئی پی ایل کے مختلف ایڈیشنس کھیل چکے ہیں۔