ایشاء کپ میں ہندوستان کا کامیاب آغاز

ڈھاکہ۔25 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے روہت شرما کی ذمہ دارانہ بیٹنگ اور آشیش نہرا کی متاثرکن  بولنگ کے بدولت ایشیا کپ  ٹوئنٹی20 ٹورنمنٹ کے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش کو 45 رنز سے شکست دی۔ میرپور کے شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے بولنگ کیلئے نسبتا سازگار وکٹ پر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ابتدا میں یہ فیصلہ اس وقت درست ثابت ہوا جب 22 کے مجموعی اسکور پر ہی ہندوستانی ٹیم شکھر دھون اور ویراٹ کوہلی سے محروم ہو گئی جبکہ 42 کے مجموعی اسکور  پر سریش رائنا بھی پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر یوراج سنگھ اور روہت نے بتدریج اسکور آگے بڑھانا شروع کیا اور 55 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 97 تک پہنچا دیا، یوراج سنگھ آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی تھے۔ نئے کھلاڑی ہردک پانڈیا نے  وکٹ پر آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور روہت شرما کے ساتھ مل کر 61 رنز کی شراکت قائم کی، روہت 83 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آوٹ ہوئے جبکہ پانڈیا نے 31 رنز بنائے۔ ہندوستان نے مقررہ20  اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر 166 رنز بنائے میزبان ٹیم کے لئے  الامین حسین تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔

بنگلہ دیش ٹیم نے مایوس کن انداز میں نشانہ کا تعاقب شروع کیا اور چوتھے اوورمیں 15 کے اسکور پر دونوں اوپنر سومیا سرکار اور محمد میتھن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ چکے تھے۔شبیر رحمن اس مشکل وقت میں بنگلہ دیش کی امیدوں کا محور بنے رہے اور امرالقیس کے ساتھ 35 رنز کی شراکت بناتے ہوئے اسکور کو 50 رنز تک پہنچایا اور اس موقع پر امرالقیس 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد شبیر نے آل راؤنڈر شکیب الحسن کے ساتھ 23 رنز کی شراکت قائم کی اور 73 کے اسکور پر ایک مرتبہ پھر اہم کھلاڑی  شکیب صرف 3 رنز بنا کر رن آوٹ ہوئے۔ شبیر 82 کے مجموعی اسکور پر 44 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد سابق کپتان مشفق الرحیم اور محموداللہ نے بنگلہ دیشی اننگز کو 100 رنز تک پہنچایا لیکن ہندوستانی ٹیم کے تجربہ کار بولر اشیش نہرا نے پہلے محموداللہ کو 7 رنز پر اور اگلی گیند پر نئے آنے والے بیٹسمین مشرفی مرتضیٰ کو آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک کے قریب پہنچے لیکن وہ یہ اعزاز حاصل کرنے میں ناکام رہے۔مشفق الرحیم اور 16 اور تسکین احمد 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے لیکن ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرسکے۔ بنگلہ دیش ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنا کر 45 رنز سے میچ ہار گئی۔ ہندوستان کی جانب سے  نہرا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ روہت شرما کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔