ایس پی ۔ کانگریس تعلقات، جرم و بدعنوانی کا اتحاد: بی جے پی

متھرا، 2فروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے سماج وادی پارٹی اور کانگریس کے اتحاد کو جرم اور بدعنوانی کا اتحاد بتاتے ہوئے کہا کہ عوام دونوں پارٹیو ں کو اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں سبق سکھائیں گے ۔بی جے پی کے ریاستی ترجمان منیش شکلا نے آج یہاں صحافیوں سے کہا کہ وزیر اعلی اکھلیش یادو کو ان کے کام پر اعتماد نہیں تھا، عوام کی آنکھ میں دھول جھونکنے کیلئے انہوں نے کانگریس سے ہاتھ ملایا ہے ۔ اس سے ان کے کام کے دعوؤں کی پول کھل گئی ہے ۔ اب اگر اس اتحاد میں بی ایس پی بھی شامل ہو جائے تو بھی ان کی دال گلنے والی نہیں ہے ۔ عوام ان پارٹیوں کے کردار کو سمجھ چکے ہیں لہٰذا یہ تینوں ساتھ آکر بھی بی جے پی کو روک نہیں پائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی ۔کانگریس کا جرم اور بدعنوانی کا اتحاد ہے ۔ ریاست میں بی جے پی کی حکومت بننے پر مظفرنگر فسادات اور کیرانہ سے ہوئی نقل مکانی کی دوبارہ جانچ کرائی جائے گی۔بی ایس پی صدر پر نشانہ لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دلتوں سے ان کی محبت محض ایک دکھاوا ہے ۔