ایس پی حکومت کی برطرفی کا مطالبہ

لکھنؤ ۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مظفرنگر میں فرقہ وارانہ فسادات کی روک تھام میں اترپردیش حکومت کی لاپرواہی کو بادی النظر میں ذمہ دار قرار دینے سپریم کورٹ کے احساسات پر اپوزیشن جماعتوں نے آج اکھیلیش یادو زیرقیادت سماج وادی پارٹی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور حکومت کی فوری برطرفی کا مطالبہ کیا ہے۔ بی جے پی اور کانگریس نے صحافتی بیان میں کہا کہ ریاستی حکومت سپریم کورٹ کے ان احساسات کے بعد اقتدار پر برقرار رہنے کے اخلاقی حق سے محروم ہوچکی ہے۔ بی جے پی ریاستی یونٹ صدر لکشمی کانت باجپال بہت جلد گورنر بی ایل جوشی سے ملاقات کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی حکومت کی برطرفی کی سفارش کریں گی۔

بی جے پی ترجمان وجے بہادر پاٹھک نے کہا کہ سپریم کورٹ کے اس حکم کے بعد سماج وادی پارٹی حکومت کو برطرف کیا جانا چاہئے۔ کانگریس کمیونکیشن ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین ستیہ دیو ترپاٹھی نے کہا کہ اگر حکومت اخلاقی بنیادوں پر مستعفی نہ ہوں تو اسے فوری برطرف کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ یہ ثابت کرتا ہیکہ بی جے پی اور سماج وادی پارٹی نے مل کر فسادات کیلئے اکسایا اور اس سے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی۔ قبل ازیں چیف جسٹس پی ستا سیوم کی زیرقیادت بنچ نے کہا کہ بادی النظر میں ہم اس طرح کے واقعات کی روک تھام میں ناکامی کیلئے ریاستی حکومت کی لاپرواہی کو ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔ عدالت نے ریاستی حکام کو تمام ملزمین کو بلالحاظ سیاسی وابستگی گرفتار کرنے کا بھی حکم دیا۔