محبوب نگر میں ڈاکٹر کے کرشنا ریڈی سکریٹری و دیگر کی پریس کانفرنس
محبوب نگر۔/5 جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پردھان منتری سرکھشت متی وداابھیاس (PMSMA) ایوارڈ ایس وی ایس ہاسپٹل کو حاصل ہونا تاریخی اعزاز سے کم نہیں۔ اس ایوارڈ کا کریڈٹ مکمل طور پر ڈاکٹرس کی ٹیم کو جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اکٹر کے کرشنا ریڈی سکریٹری ایس وی ایس میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل نے آج دوپہر میں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 27 برس سے ایس وی ایس ہاسپٹل غریبوں کو مفت طبی خدمات فراہم کرتا آرہا ہے۔ 29 جون کو دہلی میں منعقدہ ایک تقریب میں مرکزی وزیر برائے خاندانی بہبود جے پی ندا کے ہاتھوں یہ باوقار ایوارڈ میں نے حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ PMSMA کے تحت ہر مہینے کی 9 تاریخ کو حاملہ خواتین کے تمام ضروری ٹسٹ اور اسکیاننگ کی جاتی ہے اور مفت تشخیص کرتے ہوئے دوائیں فراہم کی جاتی ہیں۔ ایس وی ایس کے علاوہ دیگر سرکاری دواخانوں جیسے ناگرکرنول، جڑچرلہ اور نواب پیٹ اور ضلع کے دیگر سنٹرس میں بھی ہر ماہ 100 سے زائد حاملہ خواتین کا مفت چیک اپ کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر کے جے ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے فخریہ انداز میں کہا کہ ملک بھر میں ایس وی ایس میڈیکل کالج کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ ریزیڈنٹ ڈائرکٹر رام ریڈی نے کہا کہ طبی خدمات کو دیہی علاقوں تک وسعت دیئے جانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پریس کانفرنس کو ڈاکٹر وینکٹ رام ریڈی، ڈاکٹر چندر شیکھر ریڈی، ڈاکٹر نعیم فاطمہ گائینا کالوجسٹ نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر یکم جولائی 2018کو نیشنل ڈاکٹرس ڈے کے موقع پر ڈاکٹر کے جے ریڈی کو یسٹ آرتھوپیڈک سرجن کا ریاستی حکومت کی جانب سے ایوارڈ دیئے جانے پر تہنیت پیش کی گئی۔