محبوب نگر میں جائزہ اجلاس سے ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر کا خطاب
محبوب نگر۔/22فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 25مارچ تا11اپریل بہ اوقات 9:30 بجے صبح تا 12:15 بجے دوپہر منعقد کئے جارہے ہیں۔ امتحانات کے بہتر انتظامات کے لئے ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر راجا رام نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔ ریونیو میٹنگ ہال میں منعقدہ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 226امتحانی مراکز قائم کئے جارہے ہیں ۔ امتحانات میں 50002 طلباء و طالبات کی شرکت متوقع ہے۔ فلائنگ اسکواڈ کی خدمات کیلئے تحصیلدار سطح کے عہدیداروں کا تقرر کیا جارہا ہے۔ امتحانی مراکز پر دفعہ 144نافذ رہے گا۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ امتحان کے وقت سے آدھا گھنٹہ قبل مرکز پر موجود رہیں۔ انہوں نے امتحانات کے دوران برقی کٹوتی نہ کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ ڈی ای او آفس میں وائر لیس سیٹ نصب کیا جائے ۔کانفیڈنشیل میٹریل کیلئے خصوصی مرکز قائم کیا جائے ۔ امتحانی مراکز پر پینے کا پانی فراہم کیا جائے اور او آر ایس پاکٹس بھی تیار رکھے جائیں۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر راجیش کے علاوہ محکمہ میڈیکل ، برقی، آر ٹی سی، آر ٹی او، پولیس اور آر ڈبلیو ایس عہدیدار موجود تھے۔