ایسیڈ استعمال پر اقامتی اسکول کے طلبہ کی حالت تشویشناک

پانی کے مقام پر ایسیڈ ، یادادری ضلع میں سنسنی ، گاندھی ہاسپٹل میں طلبہ شریک

حیدرآباد /29 جون ( سیاست نیوز ) اقامتی اسکول میں ایسیڈ استعمال کرنے کے واقعہ سے دو کمسن طلبہ کی حالت تشویشناک ہوگئی ۔ پینے کے پانی کے مقام پر ایسیڈ کی موجودگی سے ان طلبہ نے ایسیڈ کا استعمال کرلیا ۔ یادادری ضلع متکور میں پیش آئے اس واقعہ سے ضلع بھر میں سنسنی پھیل گئی اور دو کمسن بچوں کو فوراً ہاسپٹل منتقل کیاگیا جہاں گاندھی جنرل ہاسپٹل میں ان کا علاج جاری ہے ۔ اس واقعہ پر اپنا شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بالالایکولہ سنگم چائیڈ رائٹس کمیٹی نے اسکول انتظامیہ کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اطلاع کے ساتھ ہی اسکول کا دورہ کرنے والی کمیٹی کے اراکین نے اس واقعہ کا ذمہ دار اسکول انتظامیہ کو ٹھیرایا اور اسکول انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ مسٹر اے راؤ نے اپنے بیان میں یہ بات بتائی ۔ ذرائع کے مطابق متکور کے مرکز میں سکریڈ پارٹ اسکول واقع ہے اس اسکول کے طلبہ 4 سالہ منی اور گیارہ سال ساگر نے ایسیڈ کا استعمال کرلیا بتایا جاتا ہے کہ اس اقامتی اسکول میں ان بچوں ی دادی بحیثیت آیا کام کرتی ہے ۔ جس کے قریب ایسیڈ موجود تھا ۔ ان دو بچوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے ۔

 

منشیات کے خلاف رچہ کنڈہ اور سائبرآباد پولیس کی مہم
نارکوٹیک ماہرین کی مدد سے شعور بیداری کا آغاز ، مہیش بھگوت
حیدرآباد /29 جون ( سیاست نیوز ) نوجوان نسل کی تباہی کا سبب بن رہے منشیات کے خلاف سائبرآباد اور رچہ کنڈہ پولیس ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی دوڑ میں جٹ گئی ہے ۔ گذشتہ روز سائبرآباد حدود میں شعور بیداری مہم کا آغاز عمل میں لایا گیا اور یہ مہم ایک ہفتہ تک جاری رہے گی اور آج رچہ کنڈہ پولیس نے بھی اپنے پروگرام کا آغاز کردیا ۔ یہ دونوں کمشنریٹ کے پولیس عہدیدار عالمی یوم منشیات کے پیش نظر اقدامات کر رہے ہیں ۔ رچہ کنڈہ پولیس نے ’’ نیا سویرا‘‘ کے نام سے پروگرام کا آغاز کیا ہے اور ایسے نوجوان پر توجہ مرکوز کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا جو منشیات کی لعنت میں پڑے ہوئے ہیں ۔ پولیس کمشنر رچہ کنڈہ مسٹر مہیش بھگوت نے آج اس سلسلہ میں ایک رابطہ اجلاس کو مخاطب کیا امروتا فاؤنڈیشن کے اشتراک سے نارکوٹیک کے ماہرین کے مشوروں سے مہم کو آگے بڑھایا جائے گا ۔ اس سلسلے میں امروتا فاؤنڈیشن نے خانگی انجینئیرنگ کالج میں ایک عالمی یوم منشیات کا اہتمام کیا ۔ کمشنر رچہ کنڈہ نے اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے منشیات کے خلاف پولیس کے اقدامات کا تذکرہ کیا اور ساتھ ہی نوجوان نسل کو منشیات کے استعمال سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ رچہ کنڈہ پولیس کسی بھی صورت میں منشیات کی اسمگلنگ کرنے والوں کو نہیں بخشے گی اور ہر حال میں رچہ کنڈہ حدود سے اس لعنت کا خاتمہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے نوجوانوں اور طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ سماج کی تعمیر میں اپنی ذمہ داری کو سمجھیں اور پرامن و خوشحال سماج کی تعمیر میں اپنا اہم رول ادا کریں ۔ اس اجلاس کو دیگر نے بھی مخاطب کیا ۔