کولکتہ ۔17 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اس ملک میں کسی فٹبال میچ کے دوران اسٹیڈیم کا خالی رہنا کوئی غیرمعمولی بات نہیں ہے لیکن یہ امیر یقینا غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے کہ کولکتہ کے ویویکانندا یوا بھارتی کریراگن جیسے وسیع و عریض اسٹیڈیم میں کل ایسٹ بنگال کا مقابلہ ممبئی فٹبال کلب سے ہوگا ۔ اس موقع پر یہ بند اسٹیڈیم کے اندر کھیل ہوگا جہاں شائقین کو داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی ۔ اس طرح یہ مقابلہ عملاً خالی اسٹیڈیم میں ہوگا جو تین میچوں کے منجملہ پہلامقابلہ ہوگا ۔ ان میچوں کے دوران اسٹیڈیم بند رہیگا کیونکہ مغربی بنگال میں بلدی انتخابات کے پیش نظر اس اسٹیڈیم پر پولیس تعینات نہیں کی جاسکے گی ۔ کولکتہ میونسپل کارپوریشن کیلئے کل ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ ریاست کی 92 بلدیات کیلئے 25 اپریل کو رائے دہی مقرر ہے ۔ چنانچہ بدھان نگر پولیس نے جس کے دائرہ کار میں یہ اسٹیڈیم آتا ہے سکیورٹی فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ ان حالات میں ایسٹ بنگال نے شائقین کی موجودگی کے بغیر کھیلنے سے اتفاق کرلیا ہے ۔