تہران 10 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران کی وزارت خارجہ نے اتوار کواعلان کیا کہ وہ یمن کے بحران کے سیاسی حل کیلئے اقوام متحدہ کے مشن کی حمایت کرتا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر کہا کہ ‘‘ جب سے یمن میں بحران شروع ہوا ہے تب سے ایران نے یمن میں غیر ملکی مداخلت سے آزاد اداخلی مذاکرات پر زور دیا ہے۔ ایران نے یمن بحران کے مناسب سیاسی حل کیلئے اقوام متحدہ کے مشن کی کوششوں کو مسلسل اپنا پورا تعاون دیا ہے کیونکہ بحران کے حل کا یہی واحد راستہ ہے ’’مسٹر قاسمی نے کہا کہ ایران کو امید ہیکہ یمن کی سبھی جماعتیں آزاد اور پرامن طور پر قومی اور بین یمن مذاکرات کی پیروی کرینگی اور امن مذاکرات کے عمل کو غیر ملکی مداخلت سے آزاد رکھیں گی ۔اقوام متحدہ کے تحفظ میں سویڈن میں ہو رہے یمن امن مذاکرات اتوار کو چوتھے دن بھی جاری رہے ۔یمن میں سال 2014 کے آخر میں ایران کی تائید یافتہ حوثی باغیوں نے اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا اسکے بعد یہاں مختلف پارٹیوں کے کئی دور کے امن مذاکرات ہو چکے ہیں ۔ مذاکرات کامیاب نہ ہونے کے سبب یمن میں بار بار تشدد پھوٹ پڑتا ہے ۔