تہران ۔ 24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف اس ہفتہ کے اواخر میں ہندوستان کا دورہ کریں گے۔ تہران نئی دہلی کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات میں ایک نئے باب کے آغاز کا متمنی ہے۔ جوادظریف کی قیادت نے ایک اعلیٰ سطحی وفد اپنے جمعرات سے شروع ہونے والے اپنے دو روزہ دورہ ہند کے موقع پر ہندوستانی عہدیداروں کے ساتھ باہمی مسائل پر تبادلہ خیال کرے گا۔ سفارتی ذرائع نے کہا کہ ان کا یہ دورہ ہندوستان کے ساتھ ایران کے تعلقات میں ایک نئے دور کے آغاز کا موقع فراہم کرے گا۔ ایرانی خبر رساں ادارہ ارنا نے کہاکہ باہمی مذاکرات میں علاقائی و بین الاقوامی مسائل کا احاطہ بھی کیا جائے گا،
جس میں افغانستان کی صورتحال، تشدد و دہشت گردی کی سرکوبی اور ہندوستان کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات میں وسعت شامل ہے۔ دنیا کے چوتھے سب سے بڑے تیل برآمد کنندہ ملک ایران سے ہندوستان کو خام تیل کی برآمدات کے مسئلہ پر بھی بات چیت متوقع ہے۔ 2012ء میں ایران کے متنازعہ نیوکلیئر پروگرام پر مغربی ممالک کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں کے پیش نظر ہندوستان نے ایران سے تیل کی درآمدات میں قابل لحاظ کمی کی ہے، اس کے باوجود اب بھی ہندوستان یومیہ دو لاکھ بیارل تیل ایران سے درآمد کرتا ہے۔