ایران میں صدارتی امیدواروں کی فہرست منظور

تہران ۔ 21 مئی (اے ایف پی) ایران میں 14 جون کو صدارتی انتخابات مقرر ہیں جس کی تیاریاں زوروشور سے ہورہی ہیں۔ صدر محمود احمدی نژاد کی جانشین کے امیدواروں کی فہرست کو قطعیت دی جارہی ہے، جس میں کم از کم دو مشہور شخصیتیں شامل ہیں جنہیں قبل ازیں نااہل قرار دیا گیا تھا۔ اعتدال پسند سابق صدر ایران اکبر ہاشمی رفسنجانی اور صدر احمدی نژاد کے قریبی ساتھی اسفندیار رحیم مشاعی پر کٹر قدامت پسندوں نے شدید تنقید کی ہے۔ خود احمدی نژاد دستوری اعتبار سے مسلسل تیسری مرتبہ صدر کے عہدہ پر فائز نہیں ہوسکتے۔ جاریہ سال انتخابات ان کے دوسری میعاد کیلئے متنازعہ دوبارہ انتخاب کے 4 سال بعد منعقد کئے جارہے ہیں۔ ان کے دوبارہ انتخابات کے بعد کئی ماہ تک سڑکوں پر پرتشدد احتجاج جاری رہا تھا۔ رفسنجانی اگست میں 79 کے ہوجائیں گے۔ وہ ایران کے پیچیدہ سیاسی منظر میں رائے دہندوں کو راغب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے دوبارہ انتخابات میں مقابلہ کا اعلان کردیا ہے۔ اصلاح پسند محمد خاتمی بھی انتخابات میں اہم کردار ادا کریں گے۔ وہ 1997ء سے 2005ء تک ملک کے صدر رہ چکے ہیں۔ خاتمی نے بار بار کہا کہ وہ رفسنجانی کی امیدواری کی تائید کرتے ہیں کیونکہ وہ اصلاح پسندوں اور اعتدال پسندوں دونوں کے ووٹ حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ مشاعی کو بھی انتہاء پسندوں نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

روس کے ساحلی علاقہ کمچٹکا میں زلزلہ
ماسکو ۔ 21 مئی (اے ایف پی) ایک طاقتور زلزلہ جس کی شدت ریختر پیمانے پر 6 ریکارڈ کی گئی، روس کے ساحلی علاقہ کمچٹکا میں آج علی الصبح محسوس کیا گیا۔ امریکی ارضیاتی سروے کی خبر کے بموجب زلزلہ کا مبداء 33 کیلو میٹر کی گہرائی میں تھا۔ زلزلہ کا جھٹکا 1:55 بجے محسوس کیا گیا۔ کسی بھی جانی و مالی نقصان کا اندیشہ نہیں ہے۔ کمچٹکا بحرالکاہل کی ارضی پٹی پر واقع ہے اور روس کے شمالی امریکہ سے اتصال کے مقام پر واقع ہے۔