ایران سے متعلق نتن یاہو کی پوٹن سے ایک بار پھر بات چیت

یروشلم ۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو نے ایران پر یہ الزام عائد کیا ہیکہ وہ لبنان کو ’’میزائل استعمال کرنے والا مقام‘‘ بنانا چاہتا ہے جس کیلئے انہوں نے سنگین نتائج کا ایران کو انتباہ دیا۔ موصوف نے آج روس روانگی سے قبل یہ بات کہی۔ یاد رہیکہ نتن یاہو نے جنگ زدہ شام اور لبنان میں ایران کے بڑھتے ہوئے رسوخ کے موضوع پر حالیہ دنوں میں صدر روس ولادیمیر پوٹن سے کئی بار بات چیت کی ہے۔ نتن یاہو یہ چاہتے ہیں کہ روس اسرائیلی سرحد کے قریب ایران کی موجودگی کو محدود کرنے اور شام میں دفاعی طور پر حصہ لینے ایران کو روکنے اہم رول ادا کرے۔ دوسی طرف اسرائیلی فوج نے بھی لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ جسے ایران کی حمایت حاصل ہے، کو بھی کئی بار انتباہ دیا ہے۔ یاد رہیکہ روس، ایران اور حزب اللہ شام میں جاری خانہ جنگی کیلئے صدر شام بشارالاسد کے حامی ہیں۔ نتن یاہو نے کہا کہ وہ شام میں ایرانی فوج کی موجودگی کے موضوع پر صدر پوٹن سے تفصیلی بات چیت کریں گے جس کی وہ سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔