دبئی۔28مارچ۔(سیاست ڈاٹ کام) یمن میں ایران نواز حوثی شدت پسندوں کو تہران کی جانب سے معاونت کی خبریں پہلے بھی آتی رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں ’العربیہ ‘کو ایک ویڈیو فوٹیج موصول ہوئی ہے جس میں یمن کے ایک فوجی اڈے پر ایرانی پائلٹ کو ایک حوثی جنگجو کو جنگی ہوائی جہاز اڑانے کی تربیت دیتے دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو کے منظرعام پرآنے کے بعد ایران کی جانب سے حوثی انقلابیوں کی عسکری شعبے میں امداد کی خبروں کو مزید تقویت ملتی ہے۔ ویڈیو فوٹیج میں ایک ایرانی پائلٹ کو ایک حوثی کو پرانے ماڈل کے جنگی طیارہ اڑانے کی تربیت دیتے دکھایا گیا ہے۔ اگر یہ فوٹیج درست ہے تو اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب یمن میں حوثیوں کی ہرممکن مدد کر رہے ہیں۔
سعودی عرب کی جانب سے یمن میں حوثیوں کے خلاف فوجی کارروائی پرایرانی مخالفت کو بھی اسی پیرائے میں دیکھا جا رہا ہے۔ گذشتہ روز ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے بیان میں سعودی عرب کی کارروائی کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس طرح کی کارروائیوں سے افراتفری اور تباہی میں اضافہ ہوگا ۔