ایرانی وزیر خارجہ کی اظہار تعزیت کیلئے سعودی عرب آمد

ریاض ، 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے وزیر خارجہ آج سعودی عرب پہنچے تاکہ شاہ عبداللہ کے انتقال پر اپنے ملک کی طرف سے اظہار تعزیت کرسکیں۔ علاقائی حریف ملک کو ایرانی وزیر کا یہ شاذ و نادر پیش آنے والا دورہ ہے۔ ٹیلی ویژن کی تصاویر میں دکھایا گیا کہ سعودی عہدیداروں نے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کا استقبال کیا جبکہ اُن کی آمد دارالحکومت ریاض میں ایک ملٹری ایرپورٹ پر ہوئی۔ ایران اور سعودی عرب جو اس خطہ کی سب سے نمایاں شیعہ اور سنی مسلم طاقتیں ہیں، ان دونوں کے شامی خانہ جنگی میں مختلف فریقوں کی تائید کے بعد حالیہ برسوں میں کشیدہ تعلقات دیکھنے میں آئے ہیں۔ تہران نے شامی صدر بشار الاسد کی حمایت کررکھی ہے جبکہ ریاض حکومت نے انھیں بیدخل کرنے کوشاں سنی باغیوں کی مدد کی ہے۔