دبئی ، 17 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے متعدد ویب پورٹلز نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کی اہم باسیج فورس سے تعلق رکھنے والے جنرل جبار درسیاوی گزشتہ روز شامی انقلابیوں کے ہاتھوں حلب شہر کے حندرات علاقے میں مارے گئے۔ اس خبر کی تصدیق ’مراسل سوری‘ یعنی شامی نامہ نگار گروپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’فیس بک‘ پر بھی کر دی ہے۔ ’مراسل سوری‘ گروپ کے مطابق جنرل جبار شامی شہر حلب کے قریب حندرات میں جاری لڑائی کے دوران مارے گئے۔ وہ پاسداران انقلاب کے پرانے جنگجو تھے اور اس سے قبل 1980ء کی دہائی میں ایران۔عراق جنگ میں بھی داد شجاعت دے چکے تھے۔ 2013ء میں شام میں داد شجاعت دیتے ہوئے مارے جانے والے پاسداران انقلاب کے اہلکاروں کے باقاعدہ جنازے دیکھنے میں آئے۔ اسی مدت کے دوران ’ابو الفضل العباس‘ بریگیڈ کی شام میں سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے بعد شام میں غیر ملکی جنگجووں کی تعداد آئے روز بڑھتی گئی۔