ایدھی ہوم پاکستان میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی رونمائی

کراچی ۔30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )کراچی میں واقع ایدھی سینٹر میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی چیمپیئنز ٹرافی کی نقاب کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے چیمپئنز ٹرافی کی نقاب کشائی کی۔ٹرافی کے ساتھ آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حکام بھی موجود تھے، جنھوں نے عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر ایدھی ہوم میں موجود بچے آئی سی سی چیمپینز ٹرافی دیکھ کر خوشی سے نہال ہوگئے۔تقریب کے موقع پر عبدالستار ایدھی کے بیٹے فیصل ایدھی اور ان کی والدہ بلقیس ایدھی بھی موجود تھیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایدھی  نے انسانیت کی بہت خدمت کی، انھوں نے پاکستان پر احسان کیا، لہٰذا ان کا مشن جاری رہنا چاہئے۔سابق کپتان  آفریدی نے کہا کہ پاکستان تینوں شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھاکر ہی چیمپئنز ٹرافی جیت سکتا ہے۔ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے حوالے سے کہا کہ بین الاقوامی ٹیمیں پاکستان ضرور آئیں گی، لیکن اس میں وقت لگے گا۔

ڈی کاک کی عدم دستیابی بڑا نقصان : ڈراویڈ
گروگرم ۔30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)دہلی ڈیرڈیولس کے کوچ راہول ڈراویڈ نے آج اعتراف کیا ہیکہ جنوبی افریقی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈی کاک کے ہمراہ جے پی ڈومینی کی عدم موجودگی ٹیم کیلئے بڑا  نقصان ہے اور آئی پی ایل کے دسویں ایڈیشن کیلئے ٹیم کا توازن برقرار رکھنے میں مشکلات ہوں گی۔ ڈومینی نجی وجوہات کی وجہ سے رواں سیزن آئی پی ایل سے دستبردار ہوگئے ہیں جبکہ ڈی کاک نیوزی لینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز  کے دوران اپنی انگلی کروا بیٹھیں ہیں جس کے باعث انہوں نے آئی پی ایل 10 سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ ڈراویڈ نے ڈی کاک جیسے باصلاحیت کھلاڑی کی عدم دستیابی کو بڑا نقصان قرار دیا ہے۔