نئی دہلی۔7ڈسمبر( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج سینئر قائد منی شنکر ایئر کو پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے معطل کرتے ہوئے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کردی جبکہ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کو ’’نیچ آدمی‘‘ قرار دیا تھا۔ کانگریس کے شعبہ مواصلات کے انچارج رندیپ سرجے والا نے کہا کہ کارروائی سے پارٹی کی گاندھیائی قیادت ظاہر ہوتی ہے حالانکہ ایئر کا تبصرہ اپنے حریف پر تھا۔ قومی صدر بی جے پی امیت شاہ نے منی شنکر ایئر کے تبصرہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی کا ’’کلچر‘‘ ہے کہ مودی کے بارے میں بدگوئی کی جائے۔ منی شنکرایئر کے تبصرہ نے کانگریس کیلئے گجرات انتخابات سے قبل ایک مصیبت کھڑی کردی ہے۔ بی جے پی کے ایک قائد نے ادعا کیا کہ ایئر کے تبصرہ کو نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کی منظوری حاصل تھی۔
میگھالیہ میں مودی کی انتخابی مہم
شیلانگ۔7ڈسمبر( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی بی جے پی کی انتخابی مہم کا میگھالیہ میں 16 ڈسمبر کو افتتاح کریں گے۔ 7 رکنی اسمبلی کیلئے آئندہ سال کے اوائل میں انتخابات مقرر ہیں۔ تاہم تواریخ کاہنوز اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ دریں اثناء نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب وزیراعظم نریندر مودی فلسطین کا دورہ کریں گے تاکہ اپنے سفیر عدنان اے علی حاجیان کو بچا کر وطن واپس لایا جاسکے ۔ یروشلم کے اسرائیل کا دارالحکومت کی حیثیت سے امریکہ کی جانب سے تسلیم کئے جانے کے بعد عالم عرب میں سخت کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔ چنانچہ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ اپنے سفیر کو وطن واپس لایا جائے۔