استنبول ۔ 26 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )ترکی کی عدالت نے فیس بک کو اہانت اسلام سے متعلق تمام صفحات بلاک کردینے کا حکم دیا ہے اور خبردار کیا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو غیرمعینہ مدت کیلئے سوشیل میڈیا نیٹ ورک کو بند کردیا جائے گا ۔ ترکی کے استغاثہ نے پیرس میں شارلی ہیبڈو کے دفتر پر 7 جنوری کو ہوئے حملے کے بعد سوشیل میڈیا صفحات کی تحقیقات کی۔ عدالت نے تحقیقاتی رپورٹ کی بنیاد پر یہ حکم جاری کیا ۔ عدالت نے کہاکہ فیس بک کو ایسے تمام صفحات بند کردینا ہوگا جس میں اسلام کے بارے میں گستاخانہ کلمات یا اہانت آمیز تبصرے کئے گئے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ اگر فیس بک اس حکم پر عمل آوری میں ناکام رہا تو اُسے ملک میں غیرمعینہ مدت کیلئے بند کردیا جائے گا ۔