اہانت آمیز پروگرامس پر روک لگائی جائے :او آئی سی

دوبئی ۔4 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ میں توہین رسالتؐ کارٹون مقابلے پر عالم اسلام میں شدید برہمی پائی جاتی ہے ۔ تنظیم اسلامی کانفرنس (او آئی سی )کے مشیر اور مشہور اسکالر جناب عمر ارہن نے امریکی حکومت پر زور دیا ہے کہ مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز سرگرمیوں کو روکنے کیلئے اقدامات کرے۔ انھوں نے کہاکہ دہشت گردی خواہ کسی شکل میں ہو قابل مذمت ہے لیکن اظہارخیال کی آزادی کے نام پر مسلمانوں کے خلاف نفرت اور عدم راوداری کا مظاہرہ بھی ناقابل قبول ہے ۔ انھوں نے کہا کہ توہین رسالتؐ کے نام پر منعقد کئے جانے والے نام نہاد مقابلے اور ایسے پروگرامس انتہائی مذموم ہیں اور انھیں روکا جانا چاہئے ۔ ساتھ ہی انھوں نے بے قصور افراد کی ہلاکتوں کے واقعات کی بھی مذمت کی ۔ انھوں نے کہاکہ اسلام دہشت گردی کی تعلیم نہیں دیتا اور اسلام کے نام پر ایسی سرگرمیاں جو بھی انجام دے رہے ہیں وہ ناقابل قبول ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اسلام کے خلاف ایسی مذموم مہم کو روکے اور نام نہاد پروگرامس کے ذریعہ مذہبی جذبات کو بھڑکانے سے گریز کرے ۔