اکھلیش کے ہاتھ مہلوکین فسادات کے خون سے رنگے ہوئے ہیں:یوگی آدتیہ ناتھ

کیرانا ۔ /22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا ضمنی انتخابات کی انتخابی مہم چلاتے ہوئے اس فرقہ وارانہ حساس علاقے میں چیف منسٹر یو پی آدتیہ ناتھ نے آج کہا کہ ان کے پیشرو اکھلیش یادو کے ہاتھ مظفر نگر فسادات کے مہلوکین کے خون سے رنگے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے امبیٹا ضلع سہارنپور کے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ہندو مسلم فسادات 2013 ء مظفر نگر ضلع کا حوالہ دیا جہاں سے کئی مسلمانوں کے خاندان اپنے گھروں سے فرار ہوگئے تھے ۔ 2016 ء میں شاملی ضلع کیرانا بلاک میں ایک فرقہ وارانہ فساد ہوا ۔ الزام عائد کیا جاتا ہے کہ خوفزدہ ہندو اپنے گھروں سے فرار ہونے پر مجبور ہوگئے ۔ سماج وادی پارٹی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے آدتیہ ناتھ نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں نوجوانوں کیلئے ملازمتیں نہیں تھیں ۔ صرف ایک مخصوص فرقہ کو ملازمتیں دی جاتی تھیں ۔ ہم نے ہر ذات اور مذہب کو اپنے ساتھ لیا ۔ /28 مئی کے انتخابات کیرانا لوک سبھا نشست کے نمائندے کو منتخب کرنے کیلئے منعقد کئے جارہے ہیں ۔ یہ حلقہ ضلع سہارنپور اور ضلع شاملی کے قریب ہے جہاں بی جے پی کے نمائندے حکم سنگھ کی موت کے بعد یہ نشست خالی ہوئی ہے ۔ ان کی بیٹی مرگانکا سنگھ بی جے پی کی امیدوار ہیں ۔ ان کا مقابلہ لوک دل کی تبسم حسن سے ہے جن کی تائید پورا اپوزیشن بشمول اکھلیش یادو کی سماج وادی پارٹی کررہی ہے ۔