اکشرپٹیل کی ونڈے اور ٹوئنٹی 20 ٹیم میں شمولیت

نئی دہلی ۔ 14 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بائیں ہاتھ کے اسپنر اکشر پٹیل وہ واحد نام ہے جو ویسٹ انڈیز کے خلاف ونڈے سیریز کے مابقی دو مقابلہ کیلئے اور دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے واحد ٹوئنٹی 20 مقابلہ کیلئے معلنہ ٹیم میں شامل ہے۔ سلیکٹروں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ابتدائی 3 مقابلوں کیلئے منتخب کردہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی بلکہ صرف اکشر پٹیل کو شامل کرنے کے علاوہ زخمی موہت شرما کے مقام پر شامل کئے گئے فاسٹ بولر ایشانت شرما کو برقرار رکھا ہے۔ ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 5 مقابلوںکی رواں سیریز 1-1 سے برابر ہے جبکہ آندھراپردیش کے مقام وائیزاگ میں منعقد شدنی مقابلہ طوفان ہد ہد کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا ہے۔ ٹوئنٹی 20 کیلئے معلنہ ٹیم میں سلیکٹروں نے آئی پی ایل میں شاندار مظاہرہ کرنے والے منیش پانڈے کو موقع دیا ہے جنہوں نے 16 مقابلوں میں 30.84 کی اوسط سے 401 رنز اسکور کئے ہیں۔ کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کی نمائندگی کرنے والے اس بیٹسمین نے 117.94 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز اسکور کئے ہیں۔ دوسری جانب اکشر پٹیل کنگس الیون پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے نہ صرف بہتر مظاہرہ کیا ہے بلکہ 17 مقابلوں میں 17 وکٹیں حاصل کی ہیں۔